سعودی عرب میںورلڈ ڈیفنس شو،پاکستان کا ہائپر سونک میزائل سمیش متعارف
میزائل سمندر اور زمین پر 290 کلومیٹر تک اہداف کو نشانہ بنا سکتا،شرکا کی جے ایف 17میں غیر معمولی دلچسپی وزیر دفاع خواجہ آصف کا امیر البحر ایڈمرل نوید اشرف کے ہمراہ مختلف سٹالز کا دورہ ، سعودی ہم منصب سے ملاقات
ریاض(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان نے سعودی عرب میں جاری ورلڈ ڈیفنس شو میں ‘SMASH’ ہائپرسونک میزائل متعارف کروادیا،یہ میزائل سمندر اور زمین پر اہداف کو نشانہ بنانے کیلئے بھی استعمال کیا جا سکتا ہے جبکہ نمائش میں شرکاء نے پاکستان کے جے ایف-17 تھنڈر لڑاکا طیارے میں غیر معمولی دلچسپی ظاہر کی۔سعودی دارالحکومت ریاض میں جاری ورلڈ ڈیفنس شو 2026 میں پاکستانی گلوبل انڈسٹریل اینڈ ڈیفنس سلوشنز (جی آئی ڈی ایس) نے ‘سمیش’ نامی ہائپرسونک اینٹی شپ بیلسٹک میزائل متعارف کرایا۔ کمپنی کے مطابق سمیش میزائل کو انتہائی تیز رفتار، درست رہنمائی اور تقریباً عمودی زاویے سے حملہ کرنے کی صلاحیت کے ساتھ ڈیزائن کیا گیا ہے جس سے جدید فضائی اور میزائل دفاعی نظام کو چکمہ دینا ممکن ہو سکے گا۔ اینٹی شپ سیٹنگ میں اس میزائل کی رینج 290 کلومیٹر بتائی گئی ہے ۔
اس میں 384 کلوگرام وزنی وارہیڈ نصب کیا گیا ہے ۔زمینی اہداف کیلئے تیار کردہ سیٹنگ میں بھی میزائل کی رینج 290 کلومیٹر رکھی گئی ہے ، تاہم اس ورژن میں وارہیڈ کا وزن بڑھا کر 444 کلوگرام کر دیا گیا ہے ۔ جی آئی ڈی ایس کا کہنا ہے کہ سمیش میزائل کو دوہرے کردار کی صلاحیت کے تحت تیار کیا گیا ہے تاکہ ایک ہی طرح کے میزائل کو سمندری اور زمینی دونوں نوعیت کے مشنز کیلئے استعمال کیا جا سکے ۔دریں اثنا وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے پاکستانی اور سعودی عرب کی دفاعی کمپنیوں کے مختلف سٹالز کا دورہ کیا ،چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف اور سیکرٹری وزارتِ دفاعی پیداوار جنرل چراغ حیدر بھی ان کے ہمراہ موجود تھے ۔وزیرِ دفاع نے جدید دفاعی ٹیکنالوجیز اور مصنوعات کا جائزہ لیا جبکہ وزیر دفاع نے دفاعی صنعت سے وابستہ نمائندگان سے ملاقاتیں کیں۔وزیر دفاع خواجہ آصف نے سعودی ہم منصب خالد بن سلمان سے بھی ملاقات کی ۔خواجہ آصف نے اس عالمی دفاعی ایونٹ کو خطے میں دفاعی تعاون کے فروغ کے لیے ایک اہم سنگ میل قرار دیا۔