ایران :کریک ڈاؤن جاری ،اصلاح پسند رہنما جواد امام گرفتار
میزائلوں سے زیادہ طاقت قوم کی قوت ارادی میں ہے :ایرانی سپریم لیڈر مظاہروں کی تحقیقات ، کمیشن تشکیل ،نرگس محمدی کو مزید ساڑھے 7 سال قید
تہران(اے ایف پی)ایران میں حالیہ احتجاجی مظاہروں کے بعد کریک ڈاؤن جاری ہے ۔ اصلاح پسند اتحاد کے ترجمان جواد امام کو گرفتار کر لیا گیا ۔ امام کی گرفتاری چار اصلاح پسند رہنماؤں کے بعد سامنے آئی، جبکہ متعدد سرگرم کارکن اور فلم ساز بھی گرفتار کیے گئے ۔ حکومت نے احتجاج کو "دنگے " قرار دے کر اسرائیل اور امریکا کے اثرات قرار دیا۔ ایران کے سپریم لیڈر علی خامنہ ای نے 1979 کے انقلابِ کی سالگرہ کے موقع پر عوام سے "عزم و استقامت" دکھانے کا مطالبہ کیا ہے ۔ خامنہ ای نے کہا کہ میزائلوں سے زیادہ طاقت قوم کی قوت ارادی میں ہے ،انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ دشمن کو مایوس کریں۔ خامنہ ای نے کہا انقلاب کے بعد سے بیرونی طاقتیں ہمیشہ ایران کو سابقہ نظام کی طرف واپس لانے کی کوشش کرتی رہی ہیں۔ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے گزشتہ ماہ ہونے والے حکومت مخالف مظاہروں اور ان کے نتیجے میں ہونے والی ہلاکتوں کی تحقیقات کیلئے ایک خصوصی کمیشن بنانے کی ہدایت جاری کر دی ہیں، ایران نے نوبل امن انعام یافتہ نرگس محمدی کو مزید ساڑھے سات سال قید کی سزا سنائی ہے ۔ نرگس محمدی کے وکیل مصطفی نیلی نے بتایا ہے کہ مشہد کی ایک عدالت نے انسانی حقوق کی کارکن کو غیر قانونی اجتماع اور ملی بھگت کے جرم میں چھ سال اور پروپیگنڈا سرگرمیوں کیلئے ڈیڑھ سال قید کی سزا سنائی ہے ۔ایرانی ایٹمی توانائی ایجنسی کے سربراہ محمد اسلامی نے کہا ہے کہ اگر امریکا تمام پابندیاں ختم کرے تو تہران اپنا 60 فیصد افزودہ یورینیم کم کر سکتا ہے ۔ایران کے نائب وزیر صحت کا کہنا ہے کہ جنوری میں بدامنی کے دوران ہلاک ہونے والوں میں تقریباً 100 طلبا بھی شامل ہیں۔دوسری جانب ٹیچرز یونینز کی رابطہ کونسل نے 200 طلبا کے ناموں کی فہرست شائع کی ہے جن کے متعلق ان کا دعویٰ ہے کہ وہ مظاہروں کے دوران مارے گئے ہیں۔