ایران:2ہزار قیدیوں کی سزائیں معاف ،مظاہرین شامل نہیں

ایران:2ہزار قیدیوں کی سزائیں معاف ،مظاہرین شامل نہیں

نیتن یاہو کا دورہ واشنگٹن مذاکراتی عمل کیلئے نقصان دہ ہے ،امریکاآزاد انہ فیصلے کرے امریکاسے مذاکرات جاری رکھے جائینگے ،ترکیہ کی ناراضی کی کوئی وجہ نہیں:ایران ایران میں کسی فضائی حملے کے ذریعے حکومت ختم نہیں کی جائیگی:ترک وزیر خارجہ

تہران(اے ایف پی،دنیا مانیٹرنگ)ایرانی سپریم لیڈر خامنہ ای نے 2ہزار108 قیدیوں کی سزاؤں میں معافی یا کمی کی منظوری دی ہے ، تاہم حالیہ احتجاج میں شامل افراد اس فہرست میں شامل نہیں ہیں۔ عدلیہ کے نائب سربراہ کے مطابق یہ فیصلے روایتی طور پر اسلامی  انقلاب کی سالگرہ اور دیگر اہم مواقع کے موقع پر کیے جاتے ہیں۔ ایران نے اسرائیلی وزیراعظم یاہو کے واشنگٹن دورے سے قبل خبردار کیا ہے کہ ان کی موجودگی مذاکراتی عمل پر تباہ کن اثر ڈال سکتی ہے ۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا کہ امریکی حکومت علاقائی امن کے لیے دباؤ اور تباہ کن اثرات سے آزاد طور پر فیصلے کرے ۔سپریم نیشنل سیکورٹی کونسل کے سربراہ علی لاریجانی کے عمان کے دورے کے بارے میں انہوں نے کہا کہ یہ دورہ ان کے علاقائی دوروں جیسا کہ روس اور پاکستان کے بیرونی ممالک کا حصہ ہے اور ان کا اگلا قطر کا دورہ بھی اسی فریم ورک کے مطابق ہے۔

اس سوال کے جواب میں کہ کیا ترک حکومت عمان میں ہونے والے مذاکرات سے خفا ہے ، ترجمان نے کہا کہ میں نہیں سمجھتا کہ مسقط میں مذاکرات کا انعقاد دیگر ممالک کے پریشان ہونے کی وجہ ہے ۔اسماعیل بقائی نے کہا کہ شروع سے یہ ملاقات عمان کے علاوہ کسی اور جگہ نہیں ہونی چاہیے تھی۔ترکیہ کے وزیر خارجہ ہاکان فیدان نے تہران اور واشنگٹن کے درمیان مذاکرات کے حوالے سے امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ خطہ ایک اور جنگ کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ایک سوال کے جواب میں ہاکان فیدان نے کہا کہ ان کی رائے میں ایران میں کسی فضائی حملے کے ذریعے حکومت ختم نہیں کی جائے گی بلکہ ملکی نظام کو کمزور کیا جائے گا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں