یورپی پارلیمنٹ :یوکرین کیلئے 90 ارب یورو قرض منظور
یوکرین میں روسی ڈرون حملے ، 3بچے اور والد ہلاک،حاملہ ماں زخمی
اسٹراس برک،ماسکو،کیف (اے ایف پی)یورپی پارلیمنٹ نے یوکرین کو 90 ارب یورو کا قرض دینے کی منظوری دی، 60 ارب یورو ہتھیار خریدنے کیلئے استعمال ہوں گے جبکہ باقی بجٹ مدد کے لیے مختص ہوگا۔یورپی کمیشن اپریل میں پہلی قسط کے اجرا کی تیاری کر رہا ہے ۔ منصوبے میں غیر یورپی ممالک سے ہتھیار خریدنے کی لچک بھی شامل ہے ۔ شمال مشرقی یوکرین کے شہر بوگوڈوخیو میں روسی ڈرون حملے میں تین ننھے بچے اور ان کے والد ہلاک جبکہ حاملہ ماں زخمی ہو گئی۔ متاثرہ گھر مکمل تباہ ہو گیا اور خاندان ملبے تلے دب گیا۔ یوکرینی صدر زیلنسکی نے کہا یہ حملہ روس کی جنگ ختم کرنے کی سنجیدگی پر سوالیہ نشان ہے ۔روس نے بدھ کو کہا کہ وہ امریکا کے ساتھ ختم ہونے والے اسلحہ کنٹرول معاہدے میں طے شدہ جوہری ہتھیاروں کی حدود کی پابندی کرے گا بشرطیکہ واشنگٹن بھی ایسا ہی کرے ،نیو اسٹارٹ معاہدہ دنیا کی دو بڑی جوہری طاقتوں کا آخری معاہدہ تھا جو رواں ماہ کے آغاز میں ختم ہو گیا۔ روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے کہا کہ اگر مغرب گرین لینڈ میں فوجی موجودگی بڑھاتا یا روس کے خلاف فوجی صلاحیتیں قائم کرتا ہے تو ماسکو مناسب جوابی اقدامات کرے گا جن میں فوجی اور تکنیکی کارروائیاں شامل ہوں گی۔