ڈھاکہ :متوقع وزیر اعظم طارق رحمٰن کی ڈاکٹر شفیق سے ملاقات

 ڈھاکہ :متوقع وزیر اعظم طارق رحمٰن کی ڈاکٹر شفیق سے ملاقات

ملاقات کا مقصد انتخابات کے بعد مثبت سیاست کو فروغ دینا تھا:بی این پی رہنما بنگلہ دیش الیکشن :جے آئی نے 32 حلقوں میں دوبارہ گنتی کی درخواست دیدی

 ڈھاکہ(اے ایف پی،دنیا مانیٹرنگ) بنگلہ دیش نیشنل پارٹی کے چیئرمین اور متوقع وزیر اعظم طارق رحمان نے ڈھاکہ میں جماعت اسلامی بنگلہ دیش کے امیر ڈاکٹر شفیق الرحمن سے ان کی رہائشگاہ پر ملاقات کی۔بی این پی رہنما کی جانب سے جاری مختصر بیانات کے مطابق یہ اقدام مثبت سیاست کے فروغ کے لیے اٹھایا گیا۔ملاقات ایک خیر سگالی کا تبادلہ تھی جس میں جمہوری تعلقات مضبوط کرنے اور انتخابات کے بعد اہم سیاسی اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ رابطہ قائم رکھنے پر بات کی گئی۔ ڈاکٹر شفیق الرحمان نے بی این پی کے رہنما طارق رحمان کو بطور  

وزیراعظم نامزد ہونے پر مبارکباد دی ۔ انہوں نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ قومی مفاد کے معاملات پر حکومت سے تعاون کریں گے ۔ مضبوط اور اصولی اپوزیشن کا کردار بھی ادا کیا جائے گا، عوام کو مستحکم اور با اعتماد پارلیمنٹ درکار ہے ۔ بنگلہ دیش میں حالیہ انتخابات میں شکست کھانے والی جماعت اسلامی نے الیکشن کمیشن کو 32حلقوں میں دوبارہ گنتی کی درخواست دیدی۔ جماعت کے سینئر عہدیدار حمید الرحمٰن آزاد نے الزام لگایا کہ جعلی ووٹ، رشوت، دھمکیاں اور حملوں کی وجہ سے امیدواروں کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

بنگلہ دیش نے بھارتی وزیر اعظم مودی کو وز یر اعظم کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کی دعوت دی ہے ،تاہم نئی دہلی میں منعقد ہونے والے اے آئی امپیکٹ سمٹ میں مصروفیت کے باعث مودی کی شرکت غیر یقینی ہے ۔بھارتی وزارت خارجہ کے مطابق لوک سبھا کے سپیکر اوم برلا ڈھاکہ میں نئی منتخب حکومت کی حلف برداری تقریب میں شرکت کریں گے ۔

 

 

 

 

 

 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں