محسن نقوی کی سری لنکن پولیس کو پاکستان میں ٹریننگ کی پیشکش

محسن نقوی کی سری لنکن پولیس کو پاکستان میں ٹریننگ کی پیشکش

وفاقی وزیر داخلہ کی سری لنکن ہم منصب سمیت دیگر وزراء سے الگ الگ ملاقاتیں کرکٹ اور دیگر کھیلوں کے ذریعے باہمی تعلقات مزید مستحکم ہونگے :محسن نقوی

کولمبو (دنیا نیوز،آئی این پی )پاکستان اور سری لنکا نے غیر قانونی امیگریشن اور منشیات کی روک تھام کیلئے وزارت داخلہ کے درمیان اشتراک کار بڑھانے پر اتفاق کر لیااس حوالے سے سری لنکا میں موجود وفاقی وزیر داخلہ و چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے گزشتہ روز سری لنکن وزارت داخلہ کا دورہ کیا اورسری لنکن ہم منصب آنند وجے پالا سے ملاقات کی اورسری لنکن پولیس کے افسروں کو نیشنل پولیس اکیڈمی میں ٹریننگ کی پیشکش کردی ۔ انہوں نے سری لنکن سیکرٹری دفاع اور وزیر کھیل سے بھی الگ الگ ملاقات کی۔ ملاقاتوں میں داخلی سکیورٹی، انسداد دہشت گردی اور انسداد منشیات کیلئے باہمی معاونت بڑھانے ،سائبر کرائمز اور مالیاتی فراڈ میں ملوث مافیا کے خلاف مشترکہ حکمت عملی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ہم منصب سے ملاقات میں محسن نقوی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ افسروں کے ٹریننگ ایکسچینج پروگرامز سے دونوں ممالک کی فورس کی استعداد کار میں اضافہ ہوگا ،دونو ں ممالک کے درمیان تعاون سے تعلقات کی نئی راہیں کھلیں گی ،پاکستان اور سری لنکا کو سائبر کرائمز اور مالیاتی جرائم کی روک تھام کیلئے اشتراک کار بڑھانے کی ضرورت ہے ۔ محسن نقوی نے سری لنکن وزیر داخلہ کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی ۔ علاوہ ازیں محسن نقوی نے سری لنکن وزیر کھیل و امور نوجوانان سنیل کمارا گیمیج سے ملاقات میں کھیلوں خصوصا ًکرکٹ کے فروغ کیلئے تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کرتے کہاکہ کرکٹ اور دیگر کھیلوں کے ذریعے باہمی تعلقات مزید مستحکم ہوں گے ۔

 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں