ایرانی میزائل یورپ اور امریکی اڈوں کیلئے خطرہ ہیں :ٹرمپ
ایران کو جوہری ہتھیار رکھنے کی اجازت نہیں دوں گا:سٹیٹ آف دی یونین خطاب شہباز نے کہا ٹرمپ پاک بھارت جنگ نہ روکتے تو ساڑھے 3کروڑ لوگ مر جاتے
واشنگٹن،تہران(نیوز ایجنسیاں)امریکی صدر ٹرمپ نے سٹیٹ آف دی یونین سے خطاب میں ایک بار پھر مئی کی پاک بھارت جنگ کا تذ کرہ کیا ۔ کانگریس سے خطاب میں انھوں نے کہا اگر میں لڑائی نہ بند کراتا تو پاکستان اور بھارت کے درمیان ایٹمی جنگ چھڑ جاتی، وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے کہا اگر میں مداخلت نہ کرتا تو تین کروڑ پچاس لاکھ لوگ مارے جاتے ۔ اپنے عہدے کے پہلے 10 مہینوں میں آٹھ جنگیں ختم کیں۔ ایران میں مظاہرین کی پھانسیاں رکوائیں، ایران ایسے میزائل بنا رہا جو جلد ہی امریکا تک پہنچیں گے ، ہم ایران سے ڈیل کی کوشش کر رہے ، ایران کو کبھی جوہری ہتھیار رکھنے کی اجازت نہیں دوں گا ۔ ٹرمپ کے خطاب میں کئی دعوے غلط اور گمراہ کن تھے ۔ نیوز ایجنسی اے پی نے افراط زر، امیگریشن، ٹیرفس اور جنگوں سے متعلق غلط دعوؤں کی فہرست تیار کی اور تجزیے میں لکھا ٹرمپ نے ایسی بہت سی باتیں کہیں جو پوری طرح حقائق پر مبنی نہیں تھیں۔ ایرانی وزیرخارجہ عباس جنیوا روانہ ہوگئے جہاں امریکا کے ساتھ جوہری پروگرام پر تیسرے دور کے مذاکرات ہوں گے ۔ ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا امریکاکے ساتھ تیسرے دور کے مذاکرات کے حوالے سے پرامید ہیں۔