ٹی ٹونٹی ورلڈکپ:نیوزی لینڈ کی بڑی فتح ، سری لنکا آؤٹ
سری لنکا کو 61 رنز سے شکست ،پاکستان کا سیمی فائنل کھیلنے کا امکان مزید کم نیوزی لینڈ ٹیم اب انگلینڈ سے میچ ہاری تو پاکستان کا کچھ چانس باقی رہے گا
کولمبو(سپورٹس ڈیسک)ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں سپر ایٹ مرحلے کے مارو یا مرجاؤ کی صورتحال والے میچ میں سری لنکا نیوزی لینڈ سے 61 رنز سے شکست کھا کر ورلڈکپ میں سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوگیا، جبکہ پاکستان کے سیمی فائنل میں پہنچنے کا امکان مزید کم ہوگیا۔کولمبو میں کھیلے جانے والے اس میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی،مڈل میں سری لنکا نے نیوزی لینڈ کو قابو کیا اور اسے 86 رنز پر 6 وکٹوں سے محروم کردیا۔ تاہم ساتویں وکٹ پر کپتان مچل سینٹنر اور کول میک کونچی نے 48 گیندوں پر 84 رنز کی برق رفتار پارٹنرشپ بنا کر ٹیم کو 7 وکٹوں پر 168 رنز کے ٹوٹل تک پہنچایا۔ مہیش تھیکشنا اور دشمانتھا چمیرا نے تین تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ٹرننگ وکٹ پر پہاڑ جیسے ہدف کے تعاقب میں سری لنکن بیٹرز کی ایک نہ چل سکی، اس کے ابتدائی 4 بلے باز 9ویں اوور میں 29 رنز پر ہی پویلین لوٹ گئے ۔سری لنکا مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 107 رنز بناسکی۔نیوزی لینڈ ٹیم اب انگلینڈ سے میچ ہاری تو پاکستان کا کچھ چانس باقی رہے گا۔انگلینڈ کے ہاتھوں نیوزی لینڈ کی شکست کے بعد بھی پاکستان کو سری لنکا سے بڑے مارجن سے میچ جیتنا ہوگا۔اگر نیوزی لینڈ نے انگلینڈ کو شکست دے دی تو پاکستان ٹیم سری لنکا کے میچ سے قبل ہی سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوجائے گی۔