مودی کا اسرائیلی پارلیمنٹ سے خطاب ،اپوزیشن کا بائیکاٹ
نیتن یاہو نے بھارتی وزیر اعظم کا استقبال کیا،سچا دوست اور اپنا بھائی قرار دیا انڈیا اسرائیل مفادات سانجھے :مودی،ہر مشکل میں ساتھ دینے کا اعلان
یرو شلم(اے ایف پی)بھارت کے وزیر اعظم مودی نے بدھ کو اسرائیل کے دو روزہ دورے کا آغاز کیا ، جس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان سکیورٹی، اقتصادی اور تکنیکی تعاون کو مزید مضبوط بنانا ہے ۔بھارتی وزیر اعظم مودی جب طیارے سے اترے تو اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے انہیں گلے لگا لیا ۔نیتن یاہو نے مودی کو اپنا بھائی اور اسرائیل کا سچا دوست قرار دیا۔مودی نے کہا انڈیا اسرائیل کے مفادات سانجھے ہیں ،ہر مشکل میں سا تھ دینگے ۔علاوہ ازیں نریندر مودی کے اسرائیلی پارلیمنٹ (کینیسٹ) میں خطاب کے دوران اپوزیشن نے اجلاس کا بائیکاٹ کردیا۔ اپوزیشن اراکین مودی کے آتے ہی ایوان سے باہر چلے گئے ۔اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ اپوزیشن اراکین نے سپیکر کے رویے پر احتجاج کیا تھا، کچھ دیر بعد وہ اجلاس میں واپس آگئے ۔مودی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت اسرائیل کے دکھ کو محسوس کرتا اور ہر مشکل لمحے میں اس کیساتھ ہے ۔ انہوں نے 7 اکتوبر 2023 کو حماس کے حملے میں ہلاک ہونے والوں کے لیے تعزیت کا اظہار کیا ، ابراہم معاہدوں کی حمایت کا اعادہ کیااور ٹرمپ انتظامیہ کے غزہ امن منصوبے کی بھی تائید کی ۔