ملکی سلامتی کیلئے ضروری اقدامات کا حق محفوظ :سعودی کابینہ

ملکی سلامتی کیلئے ضروری اقدامات کا حق محفوظ :سعودی کابینہ

علاقائی امن و استحکام کو خطرے میں ڈالنے والے ایرانی حملے ناقابل قبول قرار ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے عالمی رہنماؤں سے ہوئے رابطوں سے آگاہ کیا

ریاض (مانیٹرنگ ڈیسک ،نیوزایجنسیاں) سعودی کابینہ کے اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ مملکت اپنی سلامتی، خود مختاری، علاقائی سالمیت کے تحفظ اور کسی بھی جارحیت کو روکنے کیلئے تمام ضروری اقدامات کرنے کا مکمل حق محفوظ رکھتی ہے ۔ ولی عہد شہزادہ محمد بن  سلمان کی زیرِ صدارت اجلاس میں کابینہ نے سعودی فضائی دفاعی نظام کی اعلیٰ صلاحیتوں کو سراہا، جس نے وطن کے اندر مختلف مقامات اور تنصیبات کو نشانہ بنانے کی کوشش کرنے والے دشمن کے میزائلوں اور ڈرونز کو کامیابی سے ناکارہ بنایا۔سعودی کابینہ نے سعودی عرب، خلیج تعاون کونسل کے ممالک اور متعدد عرب، اسلامی و دوست ممالک پر ہونے والے حملوں کی مذمت کی۔ اجلاس میں کہا گیا کہ سویلین اہداف، ہوائی اڈوں اور تیل کی تنصیبات پر حملوں کے ذریعے بین الاقوامی قوانین اور چارٹر کی کھلی خلاف ورزی کرتے ہوئے علاقائی امن و استحکام کو خطرے میں ڈالنے پر ایرانی حکومت کا اصرار ناقابلِ قبول ہے ۔اجلاس کے دوران ولی عہد نے متعدد عالمی رہنماؤں سے ہونے والی حالیہ ٹیلی فونک بات چیت سے آگاہ کیا، جو خطے کی کشیدہ صورتحال اور عالمی استحکام پر اس کے اثرات کے حوالے سے جاری بین الاقوامی مشاورت کا حصہ ہے ۔وزرا نے 11 مارچ کو منائے جانے والے سعودی پرچم کے دن کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا، جسے مملکت کی تاریخ، قومی شناخت اور اس کی بنیاد رکھنے والے اصولوں کا روشن نشان قرار دیا جاتا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں