منفرد جھگڑا ، خاتون ہسپتال داخل ، روبوٹ کو پولیس لے گئی
ہانگ کانگ (اے ایف پی)مکاؤ میں شام کی سیر کے دوران ایک خاتون کو اس وقت مختصر طور پر ہسپتال منتقل کرنا پڑا جب ایک انسان نما روبوٹ نے اچانک اسے خوفزدہ کر دیا۔۔
پولیس کے مطابق انہیں خاتون کی مدد کے لیے کال موصول ہوئی، جو اس وقت گھبرا گئی جب موبائل فون استعمال کرتے ہوئے اسے اچانک اپنے پیچھے ایک روبوٹ نظر آیا۔سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ خاتون غصے میں روبوٹ سے الجھ رہی ہے ، جبکہ روبوٹ اپنے دھاتی بازو لہرا رہا ہے اور اردگرد لوگ تجسس سے یہ منظر دیکھنے کے لیے جمع ہو گئے ہیں۔خاتون نے کینٹونیز زبان میں چیختے ہوئے کہا:"اتنی ساری چیزیں ہیں کرنے کو، مجھے ہی کیوں تنگ کر رہے ہو؟ کیا تم پاگل ہو؟"وہ غصے سے روبوٹ کی طرف اشارے بھی کر رہی تھی، جبکہ روبوٹ پرسکون کھڑا رہا۔پولیس کے بیان کے مطابق خاتون کو کوئی جسمانی چوٹ نہیں آئی اور نہ ہی روبوٹ کا اس سے کوئی براہِ راست رابطہ ہوا، تاہم طبیعت ناساز ہونے پر اسے ہسپتال لے جایا گیا۔سوشل میڈیا ویڈیوز میں پولیس اہلکاروں کو ایک مایوس نظر آنے والے روبوٹ کو لے جاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے ، تاہم پولیس نے واضح کیا کہ روبوٹ کو حراست میں نہیں لیا ۔یہ روبوٹ ایک مقامی پچاس سالہ شخص چلا رہا تھا، جس کا کہنا تھا کہ وہ ایک تجربہ کر رہا تھا اور اسے اپنے کاروبار کی تشہیر کے لیے استعمال کرنا چاہتا تھا۔پولیس نے اسے ہدایت کی کہ روبوٹ چلاتے وقت محتاط رہے تاکہ راہگیروں کو کسی قسم کا خوف یا خطرہ لاحق نہ ہو۔