جی سیون :عالمی توانائی منڈی کے استحکام کیلئے اقدامات کا عہد
اتحادیوں کیساتھ ملکر تمام ضروری اقدامات کیلئے متحد اور تیار :مشترکہ بیان عالمی توانائی مارکیٹ میں استحکام اور سکیورٹی کو یقینی بنایا جائیگا :وزرائے خزانہ ہائیڈروکاربن مصنوعات پر غیرضروری پابندیاں عائد کرنے سے گریز کرنا چاہیے
پیرس(اے ایف پی،دنیا مانیٹرنگ) جی سیون کے وزرائے خزانہ اور اقتصادیات نے پیرس میں ہونے والے اپنے اجلاس کے موقع پر اس عہد کا اظہار کیا کہ ایران جنگ کی وجہ سے عالمی معیشت پر پڑنے والے اثرات کے پیش نظر توانائی کی عالمی منڈیوں میں استحکام کے لیے ان ممالک کی طرف سے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے ۔وزرائے خزانہ و اقتصادیات نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں جاری جنگ کے اقتصادی اثرات کا مقابلہ کرنے کے لیے صنعتی ترقی یافتہ ممالک کا جی سیون گروپ اپنے طور پر ہر طرح کے ضروری اقدامات کرے گا۔ان وزرا نے ایک مشترکہ بیان میں کہا ہم اپنے پارٹنرز کے ساتھ مل کر وہ تمام ضروری اقدامات کرنے کے لیے متحد اور تیار ہیں جن کا مقصد گلوبل انرجی مارکیٹ میں استحکام لانا اور انرجی سکیورٹی کو یقینی بنانا ہے ۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ہم عالمی معیشت کے تحفظ کے لیے اور ایران جنگ کے منفی اقتصادی اثرات کے تدارک کے لیے ملکر کی جانے والے مربوط بین الاقوامی کوششوں کی اہمیت کو بھی تسلیم کرتے ہیں۔ وزرانے زور دیا کہ ممالک کو ہائیڈروکاربن مصنوعات پر غیرضروری پابندیاں عائد کرنے سے گریز کرنا چاہیے ۔یاد رہے جی سیون ممالک میں امریکا، کینیڈا، برطانیہ، فرانس، جرمنی، اٹلی اور جاپان شامل ہیں۔