وزیر اعظم کے دورہ روس،صدر پوٹن سے ملاقات کی تیاریاں
دورہ کی تاریخوں پر کام جاری ،وزیر اعظم دورہ کو تاریخی موقع کے طور پر دیکھ رہے روس سے اسرائیل پر اثرورسوخ استعمال کرنے ، کشیدگی میں کمی کی درخواست:پاکستانی سفیر
ماسکو (دنیا نیوز)وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف کے جون میں روس کے دورے اور صدر ولادیمیر پوٹن سے ملاقات کی تیاریاں جاری ہیں،ماسکو میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے ایک انٹرویو میں کہا کہ دورے کی تاریخوں پر کام جاری ہے اور امید ہے کہ جون تک یہ اہم دورہ ممکن ہو سکے گا، انہوں نے کہا وزیراعظم اس دورے کو ایک تاریخی موقع کے طور پر دیکھ رہے ہیں ، فیصل نیاز ترمذی نے مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان نے روس سے درخواست کی ہے کہ وہ اسرائیل پر اثر و رسوخ استعمال کرے تاکہ ایران کے ساتھ بڑھتی ہوئی کشیدگی کو کم کیا جا سکے ،انہوں نے مزید بتایا کہ اسلام آباد اور ماسکو کے درمیان سفارتی چینلز ہمیشہ فعال رہے ہیں اور انہی کے ذریعے یہ پیغام دیا گیا کہ ایران کے ساتھ جنگ اسرائیل کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہے۔