دولت کی پوجا ختم کرو ، جنگ بند کرو :پوپ لیو

دولت کی پوجا ختم کرو ، جنگ بند کرو :پوپ لیو

بس کرو، اب امن کا وقت ہے ،مذاکرات اور ثالثی کی میز پر بیٹھو نازک تاریخی مرحلے کا مقابلہ کرنے کیلئے ایمان کی ضرورت:مسیحی رہنما

ویٹیکن سٹی (اے ایف پی)کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشواپوپ لیو نے ہفتے کے روز جنگ پر اکسانے والوں پر سخت تنقید کرتے ہوئے دنیا بھر کے اربوں افراد سے اپیل کی کہ وہ امن کو اپنائیں اور ایک بار پھر محبت، اعتدال اور اچھی سیاست پر یقین کریں۔مشرقِ وسطٰی میں جاری شدید تنازع کو ختم کرنے کی اپنی اب تک کی سب سے پُرجوش اپیلوں میں سے ایک میں امریکی نژاد پوپ نے کہا اس نازک تاریخی مرحلے کا مقابلہ کرنے کے لیے ایمان کی ضرورت ہے تاکہ سب مل کر اس مشکل وقت کا سامنا کر سکیں۔

انہوں نے سینٹ پیٹرز باسیلیکا میں امن کے لیے  منعقدہ دعائیہ اجتماع کے دوران کہا خود پسندی اور دولت کی پوجا ختم کرو، طاقت کے مظاہرے بند کرو، جنگ بند کرو، حقیقی طاقت زندگی کی خدمت میں ہے ۔نرم لہجے میں کی گئی یہ گفتگو جیسا کہ 1.4 ارب کیتھولک مسیحیوں کے سادہ مزاج مذہبی رہنما کا انداز ہے ، پھر بھی ان کے اب تک کے بیانات میں عالمی تنازعات پر سب سے واضح اور سخت تنقید شمار کی جا رہی ہے ۔انہوں نے کہا یقیناً اقوام کے رہنماؤں پر بھاری ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں، ہم ان سے کہتے ہیں بس کرو، اب امن کا وقت ہے ، مذاکرات اور ثالثی کی میز پر بیٹھو، نہ کہ اس میز پر جہاں اسلحہ سازی کے منصوبے اور مہلک فیصلے کیے جاتے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں