تیل اور امریکی ڈالر مہنگے ،سٹاک مارکیٹس میں مندی
امریکا اور ایران کے مذاکرات کی بحالی بدستور غیر یقینی ،بحران مزیدبڑھنے لگا تنازع طویل ہونے پر توانائی قیمتوں میں بتدریج اضافہ جاری رہ سکتا :تجزیہ کار
لندن (اے ایف پی)امریکا اور ایران کے درمیان امن مذاکرات کی بحالی کے امکانات بدستور غیر یقینی ہونے کے باعث گزشتہ روز عالمی منڈیوں میں تیل کی قیمتوں اور امریکی ڈالر میں اضافہ دیکھا گیا جبکہ زیادہ تر سٹاک مارکیٹس میں مندی ریکارڈ کی گئی۔مارکیٹ تجزیہ کار جوشوا مہونی نے کہا کہ سرمایہ کاروں میں خطرات سے بچنے کا رجحان بڑھ رہا ہے کیونکہ بحران ایک نئے نقصان دہ مرحلے میں داخل ہو چکا ہے ۔ ان کے مطابق توانائی کی قیمتوں میں بتدریج اضافہ جاری رہ سکتا ہے کیونکہ تنازع طویل شکل اختیار کر رہا ہے ۔بینچ مارک برینٹ نارتھ سی کروڈ آئل کی قیمت 100 ڈالر فی بیرل سے اوپر برقرار رہی، جس سے عالمی سطح پر مہنگائی بڑھنے اور معیشتوں پر دباؤ کے خدشات پیدا ہو گئے ہیں۔یورپی سٹاک مارکیٹس میں دوپہر کے وقت عمومی کمی دیکھی گئی جبکہ ایشیائی مارکیٹس بھی منفی رجحان کے ساتھ بند ہوئیں۔ تاہم پیرس سٹاک مارکیٹ میں معمولی اضافہ دیکھا گیا، جس کی وجہ کاسمیٹکس کمپنی لوریال کے مضبوط مالی نتائج تھے ۔ کمپنی کے شیئرز 8 فیصد سے زائد بڑھ گئے۔
کیونکہ اس کی سہ ماہی فروخت میں 3.6 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ماہرین کے مطابق مجموعی طور پر بہتر کارپوریٹ نتائج اور مصنوعی ذہانت سے متعلق سرمایہ کاری میں بحالی نے عالمی مارکیٹس کو کچھ حد تک سہارا دیا ہے ، اگرچہ ایران تنازع سے غیر یقینی صورتحال برقرار ہے ۔رپورٹس کے مطابق ایس اینڈ پی 500 انڈیکس میں شامل تقریباً 80 فیصد کمپنیوں نے پہلی سہ ماہی میں ماہرین کی توقعات سے بہتر نتائج دئیے ہیں۔ٹیسلا نے بھی پہلی سہ ماہی میں 477 ملین ڈالر منافع رپورٹ کیا جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 17 فیصد زیادہ ہے جبکہ آمدنی 16 فیصد بڑھ کر 22.4 ارب ڈالر تک پہنچ گئی۔ایشیا میں سیول سٹاک مارکیٹ ٹیکنالوجی سیکٹر میں تیزی کے باعث ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی، جس نے کاسپی انڈیکس کو مزید اوپر دھکیل دیا۔یوروزون میں کاروباری سرگرمی اپریل میں 16 ماہ بعد پہلی بار سکڑ گئی، جس کی وجہ مشرق وسطیٰ کی جنگ کے باعث توانائی کی قیمتوں میں اضافہ اور عالمی سپلائی چین میں رکاوٹیں بتائی گئیں۔ ایس اینڈ پی گلوبل کے فلیش پرچیزنگ منیجرز انڈیکس کے مطابق اپریل میں یوروزون انڈیکس 48.6 رہا، جو مارچ میں 50.7 تھا۔50 سے اوپر ریڈنگ ترقی جبکہ 50 سے کم ریڈنگ معیشت میں کمی کو ظاہر کرتی ہے ۔