2ماہ بعد پہلی بار ایل این جی سے لدا ٹینکر آبنائے ہرمز سے گزر گیا
دبئی(اے ایف پی)2ماہ بعد پہلی بار ایل این جی سے لدا ٹینکر آبنائے ہرمز سے گزر گیا،سمندری ٹریکنگ فرم کپلر نے اطلاع دی ہے کہ مائع قدرتی گیس(ایل این جی ) سے لدا ایک ٹینکر آبنائے ہرمز سے گزر گیا ہے ۔
کپلر کے مطابق یو اے ای کی کمپنی اے ڈی این او سی کے زیر انتظام ٹینکر ‘مبارک’ 2مارچ کو متحدہ عرب امارات کے جزیرہ داس سے لوڈنگ مکمل کرنے کے بعد اپریل میں خلیج سے روانہ ہوا، جس پر1لاکھ 32ہزار890 مکعب میٹر مائع گیس لدی ہوئی تھی۔کپلرکے مطابق یہ کارروائی توانائی کی ترسیل میں ممکنہ بحالی کی نشاندہی کرتی ہے ۔ دوسری جانب ایک بڑا اور پرتعیش کروز جہاز آبنائے ہرمز سے گزرنے میں کامیاب ہوا ہے جو روسی صدر کے قریبی لوگوں میں سے ایک سے منسلک ہے ۔‘رولنگ’ نامی 142 میٹر لمبے جہاز کو روسی ارب پتی الیکسی مرداشوف سے منسوب کیا جاتا ہے جو عالمی پابندیوں کی زد میں ہیں۔مرداشوف کے روسی صدر پوتن سے قریبی تعلقات ہیں۔