امریکی وزیرجنگ کا جرمنی سے 5 ہزار فوجیوں کے انخلا کا حکم
فیصلے کو سمجھنے کی کوشش کر رہے :نیٹو ،فوجی انخلا متوقع تھا:جرمن وزیر دفاع
واشنگٹن(اے ایف پی)امریکی وزیر جنگ پیٹ ہیگسیٹھ نے اگلے چھ سے بارہ ماہ میں جرمنی سے تقریباً 5 ہزار امریکی فوجیوں کے انخلا کا حکم دیا ہے ۔ پینٹاگون نے اعلان کیا کہ یہ فیصلہ یورپ میں امریکی فورسز کے جائزہ اور زمینی حالات کے تناظر میں کیا گیا۔ٹرمپ کا کہنا ہے کہ وہ چاہتے ہیں کہ یورپ اپنی دفاعی ذمہ داری زیادہ خود اٹھائے ، بجائے اس کے کہ مکمل طور پر واشنگٹن پر انحصار کرے۔نیٹو نے کہا ہے کہ وہ جرمنی سے 5ہزار فوجیوں کے انخلا کے فیصلے کو سمجھنے کی کوشش کر رہا ہے۔
پینٹاگون کے مطابق یہ فوجی انخلا اگلے چھ سے بارہ ماہ میں مکمل ہوگا۔ جرمن وزیر دفاع بورِس پسٹوریئس نے کہا کہ امریکا کا یورپ اور جرمنی سے فوجی انخلا متوقع تھا۔ نیٹو نے اس اقدام کو یورپ کے لیے دفاع میں مزید سرمایہ کاری اور مشترکہ سکیورٹی کی ذمہ داری بڑھانے کی ضرورت قرار دیا۔ واضح رہے امریکا اور جرمنی کے درمیان ایران جنگ اور تجارتی ٹیکس پر شدید اختلافات ہیں۔