غزہ کے 60فیصد حصے پر کنٹرول مکمل ،اسرائیل کا دعویٰ

 غزہ کے 60فیصد حصے پر کنٹرول مکمل ،اسرائیل کا دعویٰ

قصبہ اللبن الشرقیہ میں پتھراؤ کرتا فلسطینی لڑکا اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے شہید لبنان میں 3امدادی کارکن شہید ، جنوبی لبنان کے 5دیہات خالی کرنے کا حکم

یروشلعم(اے ایف پی ،مانیٹرنگ ڈیسک) اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیلی افواج غزہ کی پٹی کے 60 فیصد حصے پر کنٹرول حاصل کر چکی ہے ۔ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نیتن یاہو نے کہا کہ کچھ لوگ کہتے تھے کہ غزہ  سے نکل جاؤ، ہم نہیں نکلے ، آج ہم 60فیصد علاقے پر کنٹرول رکھتے ہیں۔نیتن یاہو کا یہ بیان اس بات کا پہلا سرکاری اشارہ ہے کہ اسرائیلی فوج اپنے دائرہ کار کو مزید بڑھا رہی ہے ۔فلسطینی اتھارٹی کے مطابق گزشتہ روز مقبوضہ مغربی کنارے میں نابلس گورنریٹ کے قصبے اللبن الشرقیہ میں اسرائیلی فورسز کی فائرنگ سے 15 سالہ فہد زیدان عویس نامی فلسطینی لڑکا شہید ہوگیا ، اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ وہ لڑکا اسرائیلی گاڑیوں پر پتھراؤ کر رہا تھا۔لبنان کی وزارتِ صحت کے مطابق جمعہ کو جنوبی لبنان میں اسرائیلی حملے کے نتیجے میں حزب اللہ سے وابستہ اسلامی ہیلتھ کمیٹی کے تین امدادی کارکن شہید ہوگئے ۔ اسرائیلی فوج نے جمعہ کے روز جنوبی لبنان کے پانچ دیہات کے رہائشیوں سے فوری طور پر ان علاقوں کو خالی کرنے کا حکم دے دیا ۔ اسرائیلی فوج کے ایک ترجمان نے ایکس پر اعلان میں لبنان کے جنوبی ساحل پر واقع شہر طائر کے قریب پانچ دیہاتوں کے نام شائع کئے ۔ ترجمان نے متنبہ کیا ہے کہ اپنی جان بچانے کیلئے اپنے گھروں کو فوری طور پر خالی کریں اور ان علاقوں سے کم از کم ایک ہزار میٹر دور رہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں