ڈیموکریٹ رہنماؤں کے ٹرمپ پر بدعنوانی کے الزامات
امریکی صدر کے نام پر ہوئی بڑے پیمانے کی سٹاک مارکیٹ ٹرانزیکشنز پر تنقید تاریخ کاسب سے بدعنوان صدر قرار ،ایرک ٹرمپ نے الزامات کی تردیدکردی
واشنگٹن (اے ایف پی)ڈیموکریٹ رہنما ؤں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر بدعنوانی کے الزامات عائد کردئیے ، جب ان کے نام پر ہونے والی بڑے پیمانے کی سٹاک مارکیٹ ٹرانزیکشنز کی تفصیلات سامنے آئیں تاہم ان کے بیٹے نے کسی بھی غلط کام کی تردید کی ہے ۔سینیٹر الزبتھ وارن نے ایکس پراپنی پوسٹ میں لکھاکہ صدر کی بدعنوانی قومی سلامتی کیلئے تباہ کن ہے ،انہوں نے خاص طور پرنویڈا کے حصص کی خریداری کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ ٹرمپ نے کمپنی کو چین میں مصنوعات فروخت کرنے کی اجازت دی، جس کے نتیجے میں عارضی طور پر کمپنی کے شیئرز کی قیمت میں اضافہ ہوا۔ ٹرمپ نے جینسن ہوانگ کو اپنے دورۂ چین میں ساتھ لے جا کر چینی صدر پر جدید اے آئی چپس خریدنے کیلئے دباؤ ڈلوایا حالانکہ اس سے امریکی قومی سلامتی کو خطرات لاحق ہو سکتے تھے ۔ بعد میں معلوم ہوا کہ ٹرمپ نے خود بھی نویڈا کے لاکھوں ڈالر مالیت کے شیئرز خرید رکھے تھے ۔دوسری جانب ٹرمپ کے بڑے بیٹے ایرک ٹرمپ جو اپنے بھائی ڈونلڈ ٹرمپ جونیئر کے ساتھ خاندانی کاروبار چلاتے ہیں، نے ان الزامات کو مسترد کر دیا اور ایکس پر اپنے پیغا م میں لکھا کہ ہمارے تمام اثاثے بڑی مالیاتی اداروں کے زیرِ انتظام بلائنڈ ٹرسٹ میں وسیع مارکیٹ انڈیکسز کے ذریعے سرمایہ کاری کئے گئے ہیں۔
یہ کہنا کہ ٹرمپ خاندان کا کوئی فرد اپنی صوابدید پر انفرادی شیئرز خرید یا فروخت کر رہا ہے ، سراسر جھوٹ اور بے بنیاد بات ہے ۔اگرچہ ایرک ٹرمپ کسی سرکاری عہدے پر فائز نہیں تاہم وہ اس ہفتے صدر کے دورۂ چین میں ان کے ہمراہ تھے ۔ریاست الینوائے کے ڈیموکریٹک گورنر جے بی پرٹزکر نے ٹرمپ کو امریکی تاریخ کا سب سے بدعنوان صدر قرار دیا ۔صدر ٹرمپ پر یہ الزام بھی لگایا جا رہا ہے کہ وہ سرکاری اور نجی مفادات کے درمیان حدیں دھندلا رہے ہیں، مثلاً سفارتی تقریبات اپنی نجی رہائش گاہوں پر منعقد کرنا۔جمعرات کو جاری ہونے والی مالی دستاویزات کے مطابق ٹرمپ کے نام پر 20 کروڑ ڈالر سے زائد مالیت کی ٹرانزیکشنز کی گئیں، جن میں بوئنگ ،مائیکروسافٹ ،ایپل اور امیزون جیسی بڑی کمپنیوں کے حصص شامل تھے ۔مالیاتی جریدے فوربز کے مطابق مارچ 2026 تک ٹرمپ کی ذاتی دولت 6.5 ارب ڈالر تک پہنچ چکی ہے ، جو ایک سال میں 1.4 ارب ڈالر اضافے کو ظاہر کرتی ہے ۔