کانگو :ایبولا سے ہلاک مذہبی رہنما کی لاش کیلئے ہسپتال پر حملہ
مونگبالو اورروامپارا میں ایبولا مریضوں کیلئے قائم آئسولیشن خیمے نذر آتش صورتحال کشیدہ ،فوج کی ہوائی فائرنگ،مشتعل افراد کا طبی عملے پر پتھراؤ
مونگبالو(اے ایف پی)کانگو کے صوبے ایتوری کے شہر مونگبالو میں ایبولا وائرس سے ہلاک ہونے والے مذہبی رہنما کی لاش لینے کیلئے مشتعل افراد نے ہسپتال پر حملہ کر دیا۔ صورتحال قابو میں لانے کیلئے فوج نے ہوائی فائرنگ کی۔ صوبہ ایتوری میں ایبولا وائرس کے باعث صورتحال مزید کشیدہ ہوگئی۔ مونگبالو اور روامپارا کے ہسپتالوں میں ایبولا مریضوں کیلئے قائم آئسولیشن خیموں کو نذر آتش کر دیا گیا ،مشتعل افراد نے طبی عملے پر پتھراؤ بھی کیا۔ مقامی حکام کے مطابق متاثرہ خاندانوں کو تدفین کیلئے لاشیں نہ دینے پر عوام میں غصہ پایا جا رہا ہے ۔ عالمی ادارہ صحت کی ٹیمیں علاقے میں موجود ہیں اور طبی سامان بھی بھجوایا گیا ہے ، تاہم بدامنی، کمزور حکومتی نظام اور عوامی بے اعتمادی کے باعث ایبولا پر قابو پانے کی کوششیں شدید متاثر ہو رہی ہیں۔