امریکا:کم عمر لڑکیوں کا جنسی استحصال بھارتی شہری مرکزی ملزم ، 10سال قید
نیو یارک (دنیا مانیٹرنگ)امریکی ریاست نبراسکا کے شہر اوماہا میں ایک ہوٹل سے انسانی سمگلنگ اور کم عمر لڑکیوں کے جنسی استحصال کا سنگین کیس سامنے آیا ہے۔
وفاقی اداروں اور اوماہا پولیس کی مشترکہ کارروائی میں 2 کم عمر لڑکیوں کو بازیاب کرایا گیا جن کی عمریں 15 اور 16 سال بتائی گئی ہیں۔تحقیقات میں یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ متاثرہ لڑکیوں کو دیگر ریاستوں سے لا کر ہوٹل میں رکھا گیا تھا اور انہیں جنسی سرگرمیوں پر مجبور کیا جاتا ۔ہوٹل کے بھارتی عملے (سمگلروں) کی جانب سے لڑکیوں کو جان سے مار دینے کی دھمکیاں بھی دی جاتی تھیں، مزید یہ کہ بعض ہوٹل ملازمین اور سمگلروں کے درمیان مالی لین دین کے شواہد بھی ملے ہیں۔اس کیس میں بھارتی گجرات سے تعلق رکھنے والے 27 سالہ بھارتی شہری کون کمار پٹیل کو مرکزی مجرم قرار دیا گیا ہے ۔گروہ میں دیگر بھارتی شہری اور مقامی ارکان بھی شامل ہیں۔کون کمار امریکا میں غیر قانونی طور پر مقیم پایا گیا ہے ، اسے 10 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے اور سزا مکمل ہونے کے بعد ملک بدر کیا جائے گا۔