لبنان جنگ بند،اسرائیل بلیو لائن پر واپس جائے :پاکستان

لبنان جنگ بند،اسرائیل بلیو لائن پر واپس جائے :پاکستان

یہاں بھی اندھا دھند قتل عام، جبری بے دخلی اور قبضہ کی حکمت عملی نظر آ رہی پائیدار امن سفارت کاری سے ممکن،عاصم افتخار کا سلامتی کونسل میں اظہار خیال

نیویارک(دنیا نیوز)پاکستان نے لبنان کی صورت حال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے احترام، فوری جنگ بندی اور اقوام متحدہ  کی قرارداد پر مکمل عمل درآمد کا مطالبہ کیا ہے ، جس میں اسرائیل کی بلیو لائن تک مکمل واپسی بھی شامل ہے ۔ان خیالات کا اظہار اقوام متحدہ میں مستقل پاکستانی مندوب عاصم افتخار احمد نے لبنان کی صورت حال پر سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس کے دوران کیا۔عاصم افتخار نے کہا کہ اسرائیل اور لبنان کے درمیان جنگ بندی کے انتظامات اور براہ راست بات چیت کے باوجود، لبنان میں سکیورٹی اور انسانی صورت حال انتہائی تیزی سے بگڑ رہی ہے ، جس کے ساتھ اسرائیلی فوجی کارروائیوں اور لبنانی حدود میں زمینی دراندازی میں بھی وسعت آئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ 2000 مربع کلومیٹر جو لبنان کا تقریباً 20 فیصد بنتا ہے ، اب اسرائیل کے غیر قانونی قبضے میں ہے ،

انخلا کے غیرقانونی احکامات شہریوں کے لیے مزید بے پناہ مصائب کا باعث بن رہے ہیں۔پاکستانی مندوب نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ یہ وہی حکمت عملی، وہی طریقہ کار ہے جو ہم نے دیگر مقامات پر دیکھا ہے یعنی اندھا دھند قتل عام، جبری بے دخلی اور قبضہ۔انہوں نے مزید کہا کہ اس سال مارچ سے اب تک لبنان میں خواتین اور بچوں سمیت 3400 سے زائد اموات اور 10ہزار سے زائد افراد زخمی ہو چکے ہیں جبکہ 10 لاکھ سے زائد لوگ بے گھر ہوئے ۔اسرائیل کی غیر ذمہ دارانہ کارروائیوں کی مذمت کرتے ہوئے عاصم افتخار نے کہا کہ پاکستان کشیدگی میں کمی کے لیے کی جانے والی تمام سفارتی کوششوں کی حمایت کرتا ہے ۔لبنان اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کروانے میں امریکی کوششوں کے خیرمقدم اور اس عمل میں مسلسل شمولیت کی حمایت کرتے ہوئے پاکستانی مندوب کا مزید کہنا تھا کہ پائیدار امن صرف مکالمے اور سفارت کاری کے ذریعے ہی حاصل کیا جا سکتا ہے ۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں