بھارتی فضائیہ کا طیارہ لینڈنگ کے دوران تباہ، 5فوجی ہلاک

بھارتی فضائیہ کا طیارہ لینڈنگ کے دوران تباہ، 5فوجی ہلاک

حادثہ ریاست آسام کے شہر جورہاٹ میں پیش آیا ،طیارہ کئی ٹکڑوں میں بکھرگیا

نئی دہلی (اے ایف پی)بھارت کی شمال مشرقی ریاست آسام میں گزشتہ روز بھارتی فضائیہ کا ایک فوجی طیارہ لینڈنگ کے دوران حادثے کا شکار ہو گیا، جس کے نتیجے میں  پانچ فوجی ہلاک ہو گئے ۔بھارتی فضائیہ نے ایک بیان میں کہا کہ آسام کے شہر جورہاٹ میں پیش آنے والے اے این 32 طیارے کے حادثے میں فضائیہ کے پانچ اہلکار جان کی بازی ہار گئے ۔بیان میں طیارے میں سوار افراد کی مجموعی تعداد یا ممکنہ زندہ بچ جانے والوں کے بارے میں تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں تاہم فضائیہ کے ایک اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر اے ایف پی کو بتایا کہ طیارے کا معاون پائلٹ حادثے میں زندہ بچ گیا ہے ۔بھارتی ٹی وی کی نشر کردہ تصاویر میں حادثے کے مقام سے سیاہ دھوئیں کے گھنے بادل اٹھتے دکھائی دئیے جبکہ طیارہ کئی ٹکڑوں میں بکھرا ہوا نظر آیا۔

حادثے کی وجوہات جاننے کیلئے بھارتی فضائیہ نے تحقیقاتی عدالت قائم کرنے کا اعلان کیا ہے ۔دو انجنوں والے ٹربو پروپ اے این 32 طیارے کو بلند پہاڑی علاقوں اور سخت موسمی حالات میں مؤثر کارکردگی کیلئے خاص طور پر تیار کیا گیا تھا۔ بھارتی فضائیہ ایسے تقریباً 100 طیارے استعمال کرتی ہے جو دور دراز پہاڑی علاقوں میں فوجی سامان اور امدادی اشیا کی ترسیل کیلئے استعمال ہوتے ہیں۔اس طیارے کااس سے قبل بڑا حادثہ 2019 میں ریاست اروناچل پردیش میں پیش آیا تھا، جب چین کی سرحد کے قریب ایک اے این 32طیارہ گرنے سے 13 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں