شیخ حسینہ کے قریبی ساتھی بنگلہ دیش کے سابق پولیس سربراہ بینظیر احمد دبئی میں گرفتار
ڈھاکہ (اے ایف پی)بنگلہ دیش کے سابق پولیس سربراہ بینظیر احمد کو دبئی میں گرفتار کر لیا گیا ۔وزیر داخلہ صلاح الدین احمد نے گزشتہ روز پارلیمنٹ میں بتایاکہ بینظیر احمد مئی 2024کو ملک سے فرار ہو گئے تھے ،
ان پر بدعنوانی سمیت متعدد مقدمات زیر التوا ہیں۔بینظیر احمد سابق آمر رہنما شیخ حسینہ کے قریبی ساتھی سمجھے جاتے تھے ، امریکا نے 2021 میں ان پر پابندیاں عائد کی تھیں، جب وہ بدنام زمانہ ریپڈ ایکشن بٹالین کے سربراہ تھے اور ان پر سینکڑوں جبری گمشدگیوں اور ماورائے عدالت قتل میں ملوث ہونے کے الزامات لگے تھے ۔صلاح الدین احمد نے کہا بینظیر احمد کو 12 جون کو گرفتار کیا گیا اور انہیں جلد بنگلہ دیش منتقل کیا جائے گا۔