لبنان: اسرائیلی حملوں میں بچے سمیت مزید 7 افراد شہید

لبنان: اسرائیلی حملوں میں بچے سمیت مزید 7 افراد شہید

وادی بقاع ، جنوبی ساحلی شہر صور پر حملے ،حزب اللہ نے اسرائیلی سکیورٹی زون کو مستردکردیا، انخلا کا مطالبہ اسرائیل کی افواج لبنان میں موجود رہیں گی،ایران کو جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرنے دینگے :نیتن یاہو

بیروت،تل ابیب(اے ایف پی) لبنان کی وادی بقاع میں اسرائیلی فضائی حملے میں بچے سمیت 5 افراد شہید ہو گئے جبکہ جنوبی ساحلی شہر صور کے قریب ایک اور حملے میں2فلسطینی شہید ہوئے ۔لبنانی سکیورٹی ذرائع کے مطابق اسرائیلی زمینی فوج صور کے شمال  مشرق میں نبطیہ کے قریب ایک اہم پہاڑی علاقے کی نگرانی کر رہی ہے ، جس پر وہ تاحال مکمل کنٹرول حاصل نہیں کر سکی۔ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے کہا ہے کہ اسرائیلی افواج جنوبی لبنان میں اس وقت تک موجود رہیں گی جب تک سکیورٹی صورتحال اس کا تقاضا کرے ، اسرائیل شمالی علاقوں کے شہریوں کے تحفظ کے لیے سکیورٹی زون میں اپنی موجودگی برقرار رکھے گا۔ نیتن یاہو نے کہا کہ کسی صورت ایران کو جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرنے دیں گے ۔ اسرائیلی سلامتی کے لیے یہ پالیسی ہر حال میں جاری رہے گی۔ حزب اللہ کے سربراہ نعیم قاسم نے اسرائیل کی جانب سے جنوبی لبنان میں سکیورٹی زون برقرار رکھنے کے اعلان کو سختی سے مسترد کر دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیلی افواج کا لبنانی سرزمین پر موجود رہنا ناقابل قبول ہے اور کوئی سکیورٹی زون تسلیم نہیں کیا جا سکتا۔ ان کے مطابق لبنان کی قومی فوج ہی خودمختاری کی محافظ ہے اور اسی کے ساتھ تعاون کیا جاتا ہے ۔ نعیم قاسم نے اسرائیل کو جارح قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر لبنانی سرزمین سے انخلا کرے ۔

 

 

 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں