نیدرلینڈ اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے کیلئے پر عزم
نجی شعبے میں روابط بڑھانے سے نئے مواقع پیداہونگے ،رابرٹ جان سیگرٹ
لاہور(این این آئی)لاہور چیمبر کے صدر فہیم الرحمن سہگل نے پاکستان میں نیدرلینڈز کے سفیر رابرٹ جان سیگرٹ سے ملاقات کی جس میں تجارتی، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کو مزید فروغ دینے پر تفصیلی گفتگو ہوئی ۔ دونوں رہنماؤں نے مختلف شعبوں میں باہمی تعاون بڑھانے اور کاروباری برادریوں کے درمیان قریبی روابط قائم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ سفیر رابرٹ جان سیگرٹ نے لاہور چیمبر کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے ساتھ اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے نیدرلینڈز پرعزم ہے۔
انہوں نے کہا کہ نجی شعبے کے درمیان روابط بڑھانے سے نئی سرمایہ کاری کے مواقع پیدا ہوں گے ۔فہیم الرحمن سہگل نے کہا کہ پاکستان اور نیدرلینڈز کے درمیان تجارت بڑھانے کے وسیع مواقع موجود ہیں اور لاہور چیمبر غیر ملکی سرمایہ کاری اور تجارتی روابط کے فروغ کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ زراعت، قابلِ تجدید توانائی، پانی کے انتظام، لاجسٹکس اور ٹیکنالوجی جیسے شعبوں میں تعاون دونوں ممالک کے لیے فائدہ مند ثابت ہو سکتا ہے۔