جنوبی لبنان :جنگ سے 1ارب38کروڑ ڈالر کا نقصان

جنوبی لبنان :جنگ سے 1ارب38کروڑ ڈالر کا نقصان

اسرائیلی فوج کو جنوبی لبنان میں کارروائی کی مکمل آزادی حاصل ہے :نیتن یاہو

بیروت ، ہیبرون(اے ایف پی)اقوام متحدہ اور لبنان کے سرکاری تحقیقاتی مرکز کے مطابق اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان جنگ میں جنوبی لبنان میں عمارتوں کو ہونے والے براہِ راست نقصانات کا تخمینہ تقریباً 1ارب38کروڑ ڈالر لگایا گیا ہے ۔اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام اور لبنان کی حکومت سے منسلک نیشنل کونسل فار سائنٹفک ریسرچ نے بتایا کہ مجموعی طور پر 11ہزار95 عمارتیں مکمل طور پر تباہ ہوئیں، جس سے 17ہزار 891 رہائشی یونٹس متاثر ہوئے ، جبکہ 2ہزار242 عمارتوں کو جزوی اور 9ہزار311 عمارتوں کو معمولی نقصان ہوا، اس رپورٹ میں اپریل سے بعد کے نقصانات کو شامل نہیں کیاگیا۔اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے اعلان کیا ہے کہ جنوبی لبنان میں تعینات اسرائیلی فوج کو کسی بھی ممکنہ یا فوری خطرے کے خلاف کارروائی کی مکمل آزادی حاصل ہے ۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ فوج کو شمالی اسرائیل کے رہائشیوں اور اہلکاروں کے تحفظ کیلئے ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت دی گئی ہے ، اس حوالے سے کوئی پابندی عائد نہیں۔ نیتن یاہو نے ایک بار پھر واضح کیا کہ اسرائیلی فوج جنوبی لبنان میں اس وقت تک موجود رہے گی جب تک اسے ضروری سمجھا جائے گا۔ مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فورسز کی فائرنگ سے دو لڑکے شہید ہو گئے ، جبکہ ان کی لاشیں اسرائیلی حکام کے پاس موجود ہیں۔ فلسطینی اتھارٹی نے بتایا کہ واقعہ ہیبرون کے شمال میں پیش آیا۔ خبر رساں ادارے وفا کے مطابق مرنے والوں کی عمریں 15 اور 19 سال تھیں۔ 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں