گلگت بلتستان: پیپلز پارٹی کے امجد حسین وزیر اعلیٰ ، عمران ندیم سپیکر منتخب : ڈپٹی سپیکر اور اپوزیشن لیڈر کے عہدے ن لیگ کے پاس

 گلگت بلتستان: پیپلز پارٹی کے امجد حسین وزیر اعلیٰ ، عمران ندیم سپیکر منتخب : ڈپٹی سپیکر اور اپوزیشن لیڈر کے عہدے ن لیگ کے پاس

کفایت الرحمن ڈپٹی سپیکر بن گئے ،ن لیگ گلگت بلتستان کے صدر حافظ حفیظ الرحمن اپوزیشن لیڈر قرار ، 30 ارکان کا بھی حلف چیئرمین پی پی بلاول، آئی پی پی صدر عبدالعلیم میں رابطہ ،تعاون پر اتفاق،کابینہ باہمی مشاورت سے بنے گی ، عون چودھری

گلگت، اسلام آباد(این این آئی،مانیٹرنگ ڈیسک، سٹاف رپورٹر)گلگت بلتستان میں پیپلزپارٹی کے امیدوار عمران ندیم سپیکر اور امجد حسین ایڈووکیٹ بلامقابلہ نئے وزیراعلیٰ،مسلم لیگ ن کے کفایت الرحمن ڈپٹی سپیکرمنتخب ہو گئے ،دوسری جانب اپوزیشن اراکین کی درخواست پرنئے سپیکر اسمبلی عمران ندیم نے ن لیگ گلگت بلتستان کے صدر حافظ حفیظ الرحمن کو اپوزیشن لیڈر ڈیکلیئر کر دیا ۔تفصیلات کے مطابق گلگت بلتستان اسمبلی کا  گزشتہ روز سبکدوش ہونیوالے سپیکر نذیر احمد کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں نئے سپیکر و ڈپٹی سپیکر کے انتخاب کا عمل مکمل کیا گیا،ایم ڈبلیو ایم اور پی ٹی آئی نے اس انتخابی عمل میں حصہ نہیں لیا۔اجلاس سے خطاب میں سپیکر نذیر احمد نے نئے سپیکر عمران ندیم و ڈپٹی سپیکر کفایت الرحمن کے بلا مقابلہ منتخب ہو نے کا اعلان کیا اور بعدازاں نومنتخب سپیکر عمران ندیم سے عہدے کا حلف لیا اور نشست نومنتخب عہدیدار کے سپرد کردی۔ اس کے بعد نومنتخب سپیکر عمران ندیم کی زیر صدارت نئی اسمبلی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں گلگت بلتستان اسمبلی کے 33 میں سے 30 نو منتخب ارکان اسمبلی نے بھی حلف اٹھا لیا ،حلف اٹھانے والوں میں پیپلز پارٹی کے 13، (ن )لیگ کے 9 ،استحکام پاکستان پارٹی کے 6 اور ایم ڈبلیو ایم کا ایک رکن شامل تھا،پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد رکن بھی حلف اٹھانے والوں میں شامل ہیں۔

واضح رہے گلگت کے 3 حلقوں کا نوٹیفکیشن عدالتی حکم پر رکا ہوا ہے جس کی وجہ سے 3 ارکان اپنی رکنیت کا حلف نہ اٹھا سکے ۔بعدازاں ایوان میں وزیراعلیٰ کا انتخاب کیا گیا،وزارت اعلیٰ کیلئے پیپلزپارٹی کے امیدوار امجد حسین ایڈووکیٹ کے علاوہ کسی رکن نے کاغذات نامزدگی جمع نہ کروائے اور ایوان میں موجود تمام ارکان نے امجد حسین ایڈووکیٹ کی حمایت کی اور وہ گلگت بلتستان کے بلا مقابلہ پانچویں وزیراعلیٰ منتخب ہوگئے ،سپیکر عمران ندیم نے امجد حسین کی کامیابی کا اعلان کر دیا۔ حالیہ الیکشن میں جی بی اے 1 گلگت سے کامیاب امجد حسین ایڈووکیٹ پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کے صدر بھی ہیں،نومنتخب وزیراعلیٰ کی تقریب حلف برداری کی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ دوسری جانب گلگت بلتستان اسمبلی میں مذکورہ بالا انتخابی عمل سے قبل پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی )کے صدر عبدالعلیم خان کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا جس میں دونوں قائدین نے گلگت بلتستان میں حکومت سازی اور مختلف آئینی عہدوں کے انتخاب سے متعلق گفتگو کی۔

بلاول نے صدر استحکام پاکستان پارٹی کو وزیر اعلیٰ، سپیکر اور دیگر اہم عہدوں کیلئے استحکام پاکستان پارٹی کی حمایت کا کہا جسے عبدالعلیم خان نے قبول کر لیا۔صدر استحکام پاکستان پارٹی نے کہا کہ ان کی جماعت امیدواروں کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنانے کیلئے کردار ادا کرے گی ۔ آئی پی پی رہنما عون چودھری کے مطابق پارٹی گلگت بلتستان کابینہ کا حصہ بنے گی اور کابینہ سازی سے متعلق امور باہمی مشاورت سے طے کیے جائیں گے ۔ یاد رہے سپیکر ، ڈپٹی سپیکر ،وزارت اعلیٰ کے عہدوں کیلئے پاکستان پیپلز پارٹی، مسلم لیگ (ن)اور استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی)کے درمیان پہلے ہی اتفاق رائے ہو چکا تھا ، مسلم لیگ ن نے وزیراعلیٰ کے انتخاب میں پیپلز پارٹی کو ووٹ دیا ہے تاہم وہ کابینہ کا حصہ نہیں بنے گی بلکہ اپوزیشن میں بیٹھے گی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں