دیہی خواتین کو ہنر مند بنانے کیلئے شی ویوز اسکیم کی تجویز
منصوبے سے قالین صنعت کو بھرپور تقویت ملے گی ، اعجاز الرحمان
لاہور (آن لائن)چیئر مین کارپٹ ٹریننگ انسٹیٹیوٹ اعجاز الرحمان نے کہا ہے کہ ہاتھ سے بنے قالینوں کی صنعت کو جدید خطوط پر استوار کرنے ، دیہی خواتین کو بااختیار بنانے اور برآمدات میں اضافے کیلئے حکومت کو وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے خصوصی اقدام کے تحت شی ویوزکے نام سے جامع تربیتی اسکیم متعارف کرانی چاہیے ،یہ منصوبہ ہزاروں دیہی خواتین کو ہنر مند بنا کر انہیں باعزت روزگار اور خود کفالت کے مواقع فراہم کر سکتا ہے جبکہ اس سے ہاتھ سے بنے قالینوں کی روایتی صنعت کو بھی بھرپور تقویت ملے گی۔
ان خیالات کااظہارا نہوں نے ہاتھ سے بنے قالینوں کے شعبے سے وابستہ صنعتکاروں اور برآمد کنندگان سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہاکہ مجوزہ پروگرام کو پنجاب ویمن ڈیولپمنٹ ڈپارٹمنٹ کی کامیاب اسکیم شی تھریڈزکی طرز پر تشکیل دیا جا سکتا ہے جس کے تحت دیہی خواتین کو ہاتھ سے بنے قالینوں کی تیاری کے تمام مراحل میں جدید اور معیاری فنی تربیت کی فراہمی ممکن ہو گی۔