بھارت :کاکروچ جنتا پارٹی کا پارلیمنٹ ہاؤس کے قریب احتجاج
شرکا نے روایتی نعروں کے بجائے سٹیل کی تھالیاں اور چمچ بجا کراپنا غصہ ظاہر کیا امتحانی پرچے لیک ہونے ، انتظامی بے ضابطگیوں پر وزیر تعلیم کے استعفے کا مطالبہ
نئی دہلی ( آن لائن )بھارت میں سوشل میڈیا پر مقبول ہونے والی نوجوانوں کی تنظیم کاکروچ جنتا پارٹی کے سینکڑوں حامیوں اور طلبا نے نئی دہلی میں پارلیمنٹ ہاؤس کے قریب احتجاج کرتے ہوئے وزیرِ تعلیم دھرمندر پردھان کے استعفے کا مطالبہ کیا ہے ۔مظاہرین نے امتحانی پرچوں کے بار بار لیک ہونے اور مبینہ انتظامی بے ضابطگیوں کے خلاف شدید احتجاج کیا۔ احتجاج کے دوران شرکا نے روایتی نعروں کے بجائے سٹیل کی تھالیاں اور چمچ بجا کر علامتی انداز میں اپنا غصہ ظاہر کیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ حالیہ برسوں میں امتحانی نظام بار بار متاثر ہوا ہے ، جس سے لاکھوں طلبا کا مستقبل غیر یقینی صورتحال سے دوچار ہو رہا ہے ۔تنظیم کے بانی ابھجیت دیپکے نے سوشل میڈیا کے ذریعے حامیوں کو احتجاج میں شرکت کی ہدایت دیتے ہوئے حکومت پر شدید تنقید کی اور کہا کہ اگر وزیرِ تعلیم مستعفی نہیں ہوتے تو تحریک مزید وسیع کی جائے گی۔احتجاج کی ایک بڑی وجہ گزشتہ ماہ ہونے والے قومی سطح کے میڈیکل داخلہ امتحان کا پرچہ لیک ہونا بتایا جا رہا ہے ، جس کے بعد امتحان ملتوی کر دیا گیا تھا۔ کاکروچ جنتا پارٹی جو ابتدا میں بے روزگاری کے مسئلے پر ابھری تھی، اب تعلیم، مہنگائی اور حکومتی احتساب جیسے وسیع تر مطالبات اٹھا رہی ہے اور سوشل میڈیا پر اس کی مقبولیت تیزی سے بڑھ رہی ہے ۔