ایران اور عمان کا آبنائے ہرمز کے انتظامی امور کا مشترکہ طور پر جائزہ لینے پر اتفاق
مسقط(اے ایف پی)ایران اور عمان نے کہا ہے کہ دونوں ممالک نے آبنائے ہرمز کے انتظامی امور کا مشترکہ طور پر جائزہ لینے پر اتفاق کیاہے۔۔۔
یہ بیان مسقط میں ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی اور سپیکر باقر قالیباف نے عمان کے سلطان ہیثم بن طارق اور وزیر خارجہ بدر البوسعیدی سے ملاقات کے بعد جاری کیا، مشترکہ بیان میں کہاگیاہے کہ آبنائے ہرمز سے گزرنے والی خدمات کیلئے وصول کیے جانے والے اخراجات کا جائزہ لیں گے ، دونوں ممالک نے اس آبی گزرگاہ پر اپنی خودمختاری پر زور دیا ہے ۔تہران نے بارہا کہا ہے کہ وہ اس راستے سے گزرنے والے بحری جہازوں سے بحری خدمات کی فیس وصول کرنے کا ارادہ رکھتا ہے ، جو ٹول نہیں ہوں گے ۔ اس منصوبہ کی امریکا کی جانب سے سخت مخالفت کی گئی ہے ۔مسقط کے وزیر خارجہ نے ایکس پر کہا کہ دونوں فریق بغیر ٹول کے محفوظ گزرگاہ کے لیے پرعزم ہیں۔بیان کے مطابق دونوں ممالک نے اس معاملے پر بات چیت جاری رکھنے کے لیے ایک مشترکہ ورکنگ گروپ قائم کرنے پر اتفاق کیا ہے ۔یہ گروپ اس بات پر غور کرے گا کہ مستقبل میں آبنائے ہرمز کی آمدورفت اور وہاں فراہم کی جانے والی خدمات کی انتظامیہ کیسے ہوگی اور ان سے متعلق اخراجات بین الاقوامی معیار کے مطابق کیسے طے کیے جائیں گے ۔