پاک بھارت دوستی ہی مسائل کا حل :میر واعظ عمر فاروق
سرینگر(اے پی پی،مانیٹرنگ ڈیسک)کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق نے بھارت اور پاکستان پر زور دیا ہے۔۔
کہ وہ دیرینہ تنازعات، بالخصوص مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے مذاکرات کا راستہ اختیار کریں کیونکہ جنگیں مسائل کا حل نہیں ہوتیں،پاک بھارت دوستی ہی مسائل کا حل ہے ۔ سرینگرمیں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے میرواعظ عمر فاروق نے کہا کہ اگر امریکا اور ایران کشیدگی کے باوجود مذاکرات کی میز پر آ سکتے ہیں تو بھارت اور پاکستان بھی باہمی مسائل کے حل کیلئے بات چیت کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کی بحالی ایک مثبت پیش رفت ہے اور وہ ہمیشہ ایسے اقدامات کی حمایت کرتے رہے ہیں۔انہوں نے یاد دلایا کہ گزشتہ جمعہ جامع مسجد سرینگر میں بھی انہوں نے بھارتی قیادت سے اپیل کی تھی کہ وہ جنگ کی بجائے مذاکرات کو ترجیح دے کیونکہ تنازعات کا پائیدار حل صرف بات چیت کے ذریعے ہی ممکن ہے ۔میرواعظ عمر فاروق نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں بے پناہ معاشی امکانات اور انسانی وسائل موجود ہیں اور اگر بھارت اور پاکستان کی قیادت تعلقات کو بہتر بنائے تو پورا خطہ امن، ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن ہو سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان بہتر تعلقات مسئلہ کشمیر سمیت تمام دیرینہ تنازعات کے حل کی راہ ہموار کر سکتے ہیں۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ بھارت پاکستان اور کشمیر ی قیادت کے ساتھ مل کر خطے میں پائیدار امن کے قیام اور مسائل کے پرامن حل کیلئے سنجیدہ کوششیں کرے گا۔