مقبوضہ کشمیر :برہان وانی کا یوم شہادت، یوم تجدید عہد منانے کا اعلان
برہان وانی سمیت دیگر شہدا کشمیریوں کی جدوجہد کی علامت ہیں :حریت کانفرنس قابض حکام کا7 روز میں سرکاری و پرائیویٹ سکولزکی کتابوں کی جانچ پڑتال کا حکم
سرینگر،جموں (این این آئی) کل جماعتی حریت کانفرنس نے برہان مظفر وانی کی دسویں برسی کے موقع پر مقبوضہ کشمیر میں یوم تجدید عہد منانے کا اعلان کیا ہے ۔ حریت ترجمان عبدالرشید منہاس کے مطابق آج 8 جولائی کو کشمیری عوام شہدا کو خراج عقیدت پیش کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ برہان وانی سمیت دیگر شہدا کشمیریوں کی جدوجہد کی علامت ہیں۔ ترجمان نے کشمیری عوام سے شہدا کے مشن سے وابستگی کا اعادہ کرنے کی اپیل کی۔ انہوں نے کشمیر تنازع پر پاکستان کے موقف کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں پائیدار امن کے لئے مسئلے کا حل ضروری ہے ۔ادھر قابض حکام نے سرکاری و پرائیویٹ سکولز اور کوچنگ سنٹرز میں تمام تعلیمی مواد کی سات دنوں کے اندر جانچ پڑتال کا حکم دیا ہے ۔سرکاری سرکلر کے مطابق اداروں کے سربراہوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ کلاس رومز، لائبریریوں، لیبارٹریوں، دفاتر اور عملے کے کمروں میں موجود تمام مطبوعات کا معائنہ کریں تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ کسی بھی مواد میں مقبوضہ کشمیر کی بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ متنازع حیثیت کے بارے میں کوئی بات موجود نہ ہو ۔