بھارت :احمد آباد بم دھماکا کیس ، 38 ملزموں کی سزائے موت برقرار
احمد آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)بھارت کی مغربی ریاست گجرات کی ہائی کورٹ نے احمد آباد میں سلسلہ وار بم دھماکا کیس میں 38 ملزموں کو سزائے موت اور 11 کو عمر قید کی سزا برقرار رکھی ہے ۔
گجرات ہائی کورٹ کی دو رکنی بینچ کے جسٹس اے وائی کوگجے اور جسٹس سمیر دوے نے تقریباً ایک سال تک اس اہم مقدمے کی روزانہ کی بنیاد پر سماعت کی تھی اور فیصلہ محفوظ کر لیا تھا۔خیال رہے کہ جولائی 2008 میں ریاست میں سلسلہ وار بم دھماکے ہوئے تھے ، جن میں 56 افراد ہلاک اور دو سو سے زیادہ لوگ زخمی ہوئے تھے ۔ اس معاملے میں کل 78 افراد کے خلاف مقدمہ قائم کیا گیا تھا، جن میں سے 49 کو ایک خصوصی عدالت نے فروری 2022 میں سزا سنائی تھی۔گجرات کے نائب وزیر اعلیٰ ہرش سانگھوی نے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے ،دوسری جانب ملزموں کی طرف سے پیروی کرنے والی تنظیم جمعیت علما مہاراشٹر (ارشد مدنی گروپ) کی قانونی امداد کمیٹی نے اسے ایک ناقابلِ یقین اور مایوس کن فیصلہ قرار دیا ہے ۔تنظیم کے پریس سیکرٹری فضل الرحمن قاسمی نے کہا کہ اس فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا جائے گا۔