شمالی آئرلینڈ میں مسجد کی نقل نذرِ آتش نفرت انگیز اقدام کی سخت مذمت
موئے گاشیل (رائٹرز)شمالی آئرلینڈ کے ایک برطانوی حامی قصبے میں ایک الاؤ کے دوران مسجد کی نقل کو نذرِ آتش کر دیا گیا، جسے پولیس اور سیاسی رہنماؤں نے نفرت انگیز اور اشتعال انگیز اقدام قرار دیتے ہوئے سخت مذمت کی ہے ۔
یہ واقعہ بیلفاسٹ کے قریب موئے گاشیل میں پیش آیا، جہاں ہر سال 12 جولائی کی تقریبات سے قبل 1690 کی جنگِ بوائن میں ولیم آف اورنج کی فتح کی یاد میں الاؤ روشن کئے جاتے ہیں۔ پولیس کے مطابق مسجد کی نقل کو اس وقت آگ لگا دی گئی جب حکام اسے ہٹانے کی تیاری کر رہے تھے ۔واقعے کے سلسلے میں 56 سالہ ایک شخص پر نفرت انگیزی پر اکسانے کا مقدمہ درج کیا گیا ہے ۔ ملزم نے عدالت میں الزامات کی تردید کی تاہم اسے ضمانت دینے سے انکار کر دیا گیا۔