جنوبی افریقہ :تارکین وطن پر تشدد،موزمبیق کے 2 شہری ہلاک
مسلح افراد نے 3افراد کو قتل کرکے موبائل فون اور ٹیبلیٹ چھینے :افریقی پولیس
جوہانسبرگ،لیلونگوے (اے ایف پی) موزمبیق نے کہا ہے کہ جنوبی افریقہ میں تارکینِ وطن مخالف پرتشدد واقعات میں اس کے دو شہری ہلاک اور دو زخمی ہو گئے ہیں ۔موزمبیقی حکومت کے مطابق یہ واقعہ منگل کو جوہانسبرگ کے قریب جرمسٹن کے علاقے میں پیش آیا، جہاں تارکینِ وطن مخالف گروہوں کے حملوں کے بعد 38 موزمبیقی شہری اپنے گھروں سے نقل مکانی پر مجبور ہو گئے ۔جنوبی افریقی پولیس کے مطابق مسلح افراد نے ایک غیر رسمی بستی میں دو مردوں اور ایک خاتون کو فائرنگ کرکے ہلاک کیا اور موقع سے موبائل فون اور ایک ٹیبلٹ لے کر فرار ہو گئے ۔ تحقیقات جاری ہیں اور ہلاک ہونے والوں کی شہریت کی تصدیق ابھی نہیں ہو سکی۔دوسری طرف ملاوی نے کہا ہے کہ جنوبی افریقہ میں تارکینِ وطن مخالف دھمکیوں اور تشدد کے باعث ایک ماہ کے دوران اس کے 38 ہزار سے زائد شہری وطن واپس آ چکے ہیں جبکہ واپسی کے سفر کے دوران چھ افراد جان کی بازی ہار گئے تمام متاثرہ افراد پہلے سے بیمار تھے تاہم مسلسل نقل مکانی اور خوف کی فضا کے باعث انہیں ادویات اور طبی سہولتیں میسر نہ آ سکیں۔