ٹرمپ انتظامیہ کاعالمی فوجداری عدالت کیخلاف مہم شروع کرنے کا اعلان
واشنگٹن (رائٹرز)امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا کہ ٹرمپ انتظامیہ عالمی فوجداری عدالت (آئی سی سی)کو امریکی خودمختاری کیلئے خطرہ سمجھتی ہے ،عدالت کیخلاف ایک عالمی مہم شروع کر رہے ہیں ۔۔۔
روبیو نے ویڈیو پیغام میں کہا کہ آئی سی سی کا قیام ابتدا میں صرف انتہائی سنگین جرائم کے مقدمات چلانے کے لیے عمل میں آیا تھا، لیکن وقت کے ساتھ یہ ادارہ زیادہ شدت پسند اور انتہا پسند شکل اختیار کر گیا ہے ۔روبیو نے ویڈیو پیغام میں کہااس وقت آئی سی سی اور اس کے حامی گولیوں اور میزائلوں سے نہیں بلکہ قوانین، معاہدوں اور نام نہاد بین الاقوامی قانون کی طاقت سے ہمارے ملک کے خلاف جنگ لڑ رہے ہیں۔امریکی محکمہ خارجہ کے ایک اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر رائٹرز کو بتایا کہ آئی سی سی کے خلاف کارروائی کے لیے مختلف آپشنز زیرِ غور ہیں، جن میں سفری پابندیاں، ویزوں کی منسوخی، آئی سی سی اور اس سے منسلک اداروں پر مزید پابندیاں عائد کرنا، اور دیگر ممالک پر سفارتی دباؤ ڈالنا شامل ہے تاکہ وہ آئی سی سی سے علیحدگی اختیار کریں،امریکی محکمہ خارجہ کے اہلکار نے کہا کہ روبیو اور دیگر اعلیٰ حکام اس مہم کے تحت مختلف ممالک پر دباؤ ڈال رہے ہیں تاکہ عالمی فوجداری عدالت کو سفارتی طور پر تنہا کیا جا سکے اور اسے امریکیوں کے خلاف کارروائی سے روکا جا سکے ۔آئی سی سی کی ترجمان اوریانے میلئے نے کہا کہ عدالت اس معاملے پر فی الحال کوئی تبصرہ نہیں کرے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments