شمالی کوریا کے پاس 57 ایٹمی ہتھیار موجود:ٹرمپ کا دعویٰ
ٹرمپ کا کم جونگ سے رواں سال ملاقات کا اعلان، تعلقات کو اچھا قرار دیا
واشنگٹن(اے ایف پی)امریکی صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ شمالی کوریا کے پاس 57 جوہری ہتھیار موجود ہیں تاہم انہوں نے اس تخمینے کی بنیاد یا ذریعہ نہیں بتایا۔ وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ٹرمپ نے کہا شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ کے پاس 57 انتہائی طاقتور جوہری ہتھیار ہیں اور انہیں کبھی ایسا کرنے کی اجازت نہیں دینی چاہیے تھی۔ امریکی صدر نے کم جونگ سے اپنے تعلقات کو اچھا قرار دیا۔ ٹرمپ نے کہا وہ رواں سال شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ سے ملاقات کرینگے ، جو انکی دوسری صدارتی مدت میں دونوں رہنماؤں کی پہلی ملاقات ہوگی۔ وائٹ ہاؤس میں نئے ہیلی پیڈ کے معائنے پرصحافیوں نے ٹرمپ سے پوچھا کہ کیا وہ 2026 کے دوران کم جونگ سے ملاقات کا ارادہ رکھتے ہیں؟، امریکی صدر نے جواب دیا ہاں وہ ملاقات کرینگے ۔ ٹرمپ اور کم جونگ کے درمیان اس سے قبل تین سربراہی ملاقاتیں ہوچکی ہیں۔ دونوں رہنماؤں میں 2018 میں سنگاپور، 2019 میں ویتنام اور اسی سال شمالی و جنوبی کوریا کی سرحد پر ملاقات ہوئی تھی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments