امریکا سے سٹریٹجک اتحاد خلیجی ممالک کی سلامتی کیلئے ناکافی:قطر
امریکا پر انحصار نہیں کرسکتے ، دفاع کیلئے خود کفالت ضروری: وزارت خارجہ توانائی برآمدات اور تجارت کو یرغمال نہیں بننے دیں گے :متحدہ عرب امارات
ابوظہبی، تہران (نیوز ایجنسیاں) قطر کی وزارت خارجہ کے ترجمان ماجد الانصاری نے کہا ہے کہ ایران جنگ نے واضح کردیا ہے کہ خلیجی ریاستیں اپنی سلامتی کیلئے صرف امریکا کے ساتھ سٹریٹجک شراکت داری پر انحصار نہیں کرسکتیں۔ ابوظہبی میں ہیلی فورم سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خطے میں بین الاقوامی افواج کی موجودگی اور امریکا کے ساتھ سٹریٹجک اتحاد انتہائی اہم ہیں، تاہم یہ کافی نہیں۔ سلامتی کے معاملے میں خود انحصاری ہی آگے بڑھنے کا واحد راستہ ہے۔
متحدہ عرب امارات کے صدارتی مشیر انور قرقاش نے کہا کہ یو اے ای اپنی توانائی برآمدات اور تجارتی سرگرمیوں کیلئے متبادل راستے تعمیر کر رہا ہے تاکہ امریکا اور ایران کے درمیان جاری جنگ کے باعث یہ سرگرمیاں یرغمال نہ بنیں۔ انہوں نے کہا کہ ایران کے ساتھ اعتماد بحال کرنا مشکل لیکن ضروری ہے ۔ خلیجی ممالک ایران کے خطرے کے خلاف مشترکہ حکمت عملی بنانے میں ناکام رہے، ہر ملک نے انفرادی طور پر اپنا دفاع کیا، اعتماد کی بحالی میں کئی دہائیاں لگ سکتی ہیں۔
ادھر ایران نے جنوبی کوریا کو آبنائے ہرمز میں فوجی تعیناتی یا امریکی کارروائیوں میں شرکت سے خبردار کرتے ہوئے سنگین نتائج کی دھمکی دی ہے ۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا کہ خلیج فارس یا آبنائے ہرمز میں کسی دوسرے ملک کی فوجی شرکت امریکی جارحیت کی براہ راست حمایت تصور ہوگی۔عمانی بحریہ نے آبنائے ہرمز میں ایک ہفتہ قبل ایرانی حملے کا نشانہ بننے والے سعودی پرچم بردار آئل ٹینکر کے 16 ملاحوں کو بحفاظت نکال لیا۔
پاسداران انقلاب نے کہا کہ بحری جہازوں کیلئے آبنائے ہرمز میں امریکی کوریڈور سے محفوظ گزرنا مشکل ہے ، محفوظ سفر کیلئے بحری جہاز ایران کے مقررہ راستے سے گزریں۔ایرانی پارلیمنٹ کے سپیکر محمد باقر قالیباف نے کہا کہ اگر ایران کی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا تو تہران امریکی اہداف کو بھی نشانہ بنائے گا۔ دوسری جانب آئی اے ای اے کے سربراہ رافائل گراسی نے کہا ہے کہ ایران کی اہم جوہری تنصیبات تک اقوام متحدہ کے جوہری ادارے کو رسائی دینے کے مثبت اثرات مرتب ہوں گے ۔ ان کے مطابق ایران سے رابطہ بحال کرنا ناگزیر ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments