ٹرمپ نے اے آئی پر تنقید کرنیوالوں کو منفی قوتیں قرار دیدیا
بعض حلقے ایسے خدشات اٹھا رہے جو حقیقت میں سامنے نہیں آئیں گے :ٹرمپ چین برکس ممالک کیلئے اوپن سورس اے آئی زون کی قیادت کریگا:شی جن پنگ
ڈونبیگ،نئی دہلی،نیویارک(اے ایف پی) امریکی صدر ٹرمپ نے اے آئی کی تیز رفتار ترقی پر تشویش کا اظہار کرنے والوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہیں منفی قوتیں قرار دے دیا۔ آئرلینڈ کے دورے کے دوران صحافیوں سے گفتگو میں ٹرمپ نے کہا کہ کچھ حلقے ایسے خدشات اٹھا رہے ہیں جو حقیقت میں سامنے نہیں آئیں گے ۔ انہوں نے اے آئی ٹیکنالوجی کی ترقی کی رفتار کم کرنے کے مطالبات پر بھی ناپسندیدگی کا اظہار کیا۔ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ بعض لوگ غیر ضروری طور پر ایسے معاملات کو اجاگر کر رہے ہیں جن کا عملی طور پر وقوع پذیر ہونا ممکن نہیں۔دوسری جانب چینی صدر شی جن پنگ نے کہا ہے کہ چین برکس ممالک کے لیے مصنوعی ذہانت کا اوپن سورس زون قائم کرنے کی قیادت کرے گا۔ شی جن پنگ کے مطابق اس اقدام کے تحت بڑے
لینگویج ماڈلز کی تیاری اور اطلاق میں تعاون جبکہ برکس ممالک کے لیے مصنوعی ذہانت سے متعلق خصوصی تحقیق اور تربیت کا انتظام کیا جائے گا۔ چینی صدر نے عالمی سطح پر مصنوعی ذہانت کی حکمرانی کے لیے وسیع اور اتفاق رائے پر مبنی فریم ورک بنانے کی بھی اپیل کی۔ اوپن اے آئی کے چیف ایگزیکٹو سیم آلٹمین نے کہا ہے کہ کمپنی رواں سال سٹاک مارکیٹ میں لسٹ نہیں ہوگی۔ ایک انٹرویو میں سیم آلٹمین نے مصنوعی ذہانت کی حفاظت سے متعلق خدشات کو فیصلے کی اہم وجہ قرار دیا، انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں کمپنی کا آئی پی او کی جانب جانا مناسب نہیں ہوگا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments