بولیویا:صدی بعد چیتے کے نقش و نگار والی جنگلی بلی کی نئی نوع دریافت
لاپاز (اے ایف پی)بولیویا سے تعلق رکھنے والے محققین نے انکشاف کیا ہے کہ سائنس دانوں نے ایک صدی سے بھی زائد عرصے میں پہلی مرتبہ جنگلی بلی کی ایک بالکل نئی نوع دریافت کر لی ہے ۔
اے ایف پی کے مطابق لیپرڈ (چیتے )جیسے چتکبرے کوٹ والی یہ چھوٹی جنگلی بلی جسے ‘تلکائیو ٹائیگر کیٹ’ کا نام دیا گیا ہے ، بولیویا کے دارالحکومت لاپاز کے قریب یونگاس کے پہاڑی علاقے سے دریافت ہوئی ہے ۔تحقیقی ٹیم میں شامل بائیولوجسٹ اور نیشنل جیوگرافک کی ایکسپلورر پاؤلا نوگالیس سکارونز کے مطابق بولیویا کے اینڈیز پہاڑی سلسلے میں مقیم مقامی لوگ اس مخلوق کو عام گھریلو بلی سمجھنے کی غلطی کر بیٹھتے تھے ۔مقامی لوگوں کی جانب سے اس جانور کو دئیے گئے نام ‘تلکائیو’ کی مناسبت سے ہی اس کا نیا سائنسی نام لیپارڈس تلکائیو رکھا گیا ہے ۔یہ 1923 میں دریافت ہونے والی یوراگوئین پیمپاس کیٹ کے بعد دریافت ہونے والی پہلی نئی جنگلی بلی ہے ۔تلکائیو عام گھریلو بلی سے سائز میں قدرے چھوٹی ہے جس کی لمبائی تقریباً 45 سینٹی میٹر (18 انچ)ہے اور اس کے کان گولائی میں ہیں۔ اس نئی نوع پر ہونے والی تحقیق سائنسی جریدے ‘کرنٹ بائیولوجی’ میں شائع ہوئی ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments