غزہ :اسرائیلی حملے ، 6افراد شہید، متعدد زخمی
مغربی کنارے میں فلسطینی یادگاریں اسرائیلی فوج نے مسمار کردیں
غزہ سٹی ،نابلس(اے ایف پی)حماس کے 7 اکتوبر2023 کے حملوں کی تیسری برسی پر اسرائیل نے غزہ میں نئے فضائی حملے کیے ، جن میں 5 افراد شہید اور متعدد زخمی ہوگئے ۔ اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا کہ حملوں میں حماس کے جنگجوؤں کو نشانہ بنایا گیا۔دوسری جانب مقبوضہ مغربی کنارے کے گاؤں برقہ میں اسرائیلی آبادکاروں کے حملے اور فوجی مداخلت کے دوران فلسطینی شہری شہید اور 9 افراد زخمی ہوگئے ۔ فلسطینی وزارت صحت کے مطابق 44 سالہ علی البزاری آبادکاروں اور اسرائیلی فورسز کے حملے میں شہید ہوا۔ فلسطینی ہلال احمر کے مطابق فائرنگ سے 3 افراد زخمی ہوئے ، جبکہ 5 افراد کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ اسرائیلی فوج نے مقبوضہ مغربی کنارے میں فلسطینیوں کی یاد میں قائم کئی یادگاریں مسمار اور پوسٹرز ہٹا دئیے ۔ فوج کے ترجمان کے مطابق کارروائی کا مقصد مبینہ دہشت گردوں کی یادگاریں ختم کرنا تھا۔ جنین کے علاقے میں یعبد کے مقام پر یاسر حمدونی کی یادگار تباہ جبکہ شہر میں مختلف فلسطینیوں کی تصاویر اتار دی گئیں۔ نابلس کے نائب میئر کے مطابق اسرائیلی فورسز نے شہر میں 5 یادگاریں مسمار اور متعدد افراد کو گرفتار کیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments