نایاب گلابی ہیرا 100 سال بعد فرانس میں نمائش کیلئے پیش

نایاب گلابی ہیرا 100 سال  بعد فرانس میں نمائش کیلئے پیش

پیرس(مانیٹرنگ ڈیسک)فرانس میں ایک نایاب گلابی ہیرے کو تقریباً 100 سال بعد پہلی بار دوبارہ نمائش کے لیے پیش کیا جا رہا ہے ۔ یہ ہیرا تقریباً ایک صدی قبل چوری ہونے سے پہلے آخری مرتبہ عوام کے سامنے رکھا گیا تھا۔

نو قیراط کا ناشپاتی کی شکل کا یہ قیمتی ہیرا "گرینڈ کونڈے " کے نام سے مشہور ہے ۔ اکتوبر 1926 میں چوروں نے رات کے وقت شانتیلی کے تاریخی محل سے اسے چرا لیا تھا اور ایک سیب کے اندر کھوکھلی جگہ بنا کر چھپا دیا تھا۔ چوری کے چند ہفتے بعد یہ اس وقت برآمد ہوا جب چوروں کے زیرِ استعمال ہوٹل میں کام کرنے والی ایک بھوکی ملازمہ نے سیب میں سے نوالہ لیا اور اس کے اندر چھپا ہیرا دریافت کرلیا۔اب یہ ہیرا ایک بار پھر شانتیلی کے محل میں واقع کونڈے میوزیم میں نمائش کے لیے رکھا جائے گا، جہاں اسے 3 جنوری تک دیکھا جاسکے گا۔شانتیلی محل کے مطابق اس ہیرے کا پہلا تحریری ذکر 1740 میں ملتا ہے ، جب شہزادہ کونڈے لوئی ہنری ڈی بوربون کی وفات کے بعد ان کے اثاثوں کی فہرست تیار کی گئی تھی۔بعد ازاں یہ ہیرا فرانس کے بادشاہ لوئی فلپ اول کی اہلیہ ملکہ میری امیلی آف بوربون سسلی کے ذخیرئہ جواہرات کا حصہ بنا۔ اس کے بعد یہ ان کے بیٹے شہزادہ ہنری آف اورلیاں، ڈیوک آف اومالے ، کے پاس آگیا۔شہزادہ ہنری نے یہ ہیرا انسٹیٹیوٹ ڈی فرانس کے نام وصیت کردیا تھا۔ یہی ادارہ اب شانتیلی کے محل کا مالک ہے ، جو پیرس سے تقریباً 50 کلومیٹر شمال میں واقع ہے ۔ اس ادارے کی ملکیت میں ہزاروں فن پارے اور قدیم مخطوطات بھی شامل ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...