ایمرجنسی کے اچھے نتائج نکلیں گے : شہباز شریف

 ایمرجنسی کے اچھے نتائج نکلیں گے : شہباز شریف

گزشتہ سال سب نے تماشادیکھا ،اس بار بھی مکمل خون ریزی کا منصوبہ تھا

گوجرانوالہ،اسلام آباد(دنیا نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی کا پاکستان کے بہترین مفاد میں فیصلہ کیا، اچھے نتائج نکلیں گے۔ گوجرانوالہ میں گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا مرحوم بشیر محمود ورک کے ساتھ بھائیوں جیسا تعلق تھا، انہوں نے پارٹی کے ارکان اور کارکنوں کے ساتھ ساتھ ہمیشہ مل کر کام کیا،وہ انتہائی شفیق انسان تھے ،سیاست کے لیے ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔انہوں نے کہا خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی مجبوری کے تحت نافذ کی گئی، خیبرپختونخوا کے دونوں وزرائے اعلیٰ کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی تھی۔ ہم نے سنجیدگی کے ساتھ یہ باور کرانے کی کوشش کی کہ وفاقی حکومت خیبرپختونخوا کی ترقی اور خوشحالی کے لیے تعاون کرنے کو تیار ہے، تاہم تعاون کے بجائے آئے روز لانگ مارچ اور دھمکیوں کا سلسلہ جاری رہا۔

انہوں نے کہا وفاقی حکومت نے صوبے کی ترقی اور خوشحالی کے لیے تعاون کی پیشکش کی، لیکن سیاسی محاذ آرائی کے باعث معاملات میں مشکلات پیدا ہوئیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ دھرنوں کے باعث پورے پاکستان کا نظام مفلوج ہو جاتا ہے ، گزشتہ سال بھی سب نے تماشا دیکھا، اس بار بھی مکمل خون ریزی کا منصوبہ تھا۔ پی ٹی آئی کی تاریخ بھیانک ہے ، اس جماعت نے ہر لحاظ سے ملک کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی،انہوں نے کہا وزیراعلیٰ کو دہشت گردی کے خلاف مل کر چلنے کا کہا تھا،مذاکرات کے دوران لانگ مارچ کی کال واپس لینے پر اتفاق ہوا تھا، تاہم آخری وقت میں مسودے کو منظور کرنے سے انکار کر دیا گیا، مذاکراتی کمیٹی نے معاملے کے حل کے لیے رات بھر بیٹھ کر کوششیں کیں، لیکن بات آگے نہ بڑھ سکی۔

مذاکراتی کمیٹی نے اختلافات ختم کرنے اور معاملے کو افہام و تفہیم سے حل کرنے کے لیے بھرپور کوشش کی، آخری وقت میں یہ مؤقف اختیار کیا گیا کہ مسودہ منظور نہیں، جس کے باعث مذاکرات میں پیش رفت نہ ہو سکی۔حکومت نے پاکستان کے بہترین مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلہ کیا ہے اور امید ہے کہ اس فیصلے کے اچھے نتائج سامنے آئیں گے ۔دریں اثنا ایشین گیمز میں میڈلز جیتنے والے کھلاڑیوں کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا نوجوانوں کو کھیلوں کے میدان میں آگے بڑھنے کے یکساں مواقع فراہم کرنا حکومت کی ترجیح ہے ،کھیلوں کے فروغ کے لیے اجتماعی کوششیں ،تربیت یافتہ کوچز اور مناسب وسائل فراہم کرنا ہوں گے ،نوجوان کھلاڑیوں کو بلا امتیاز آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کیے جائیں گے ،جہاں بھی ٹیلنٹ موجود ہے ،حکومت اسے بھرپور انداز میں فروغ دے گی، پاکستانی کھلاڑیوں نے ایشین گیمز میں دو چاندی اور آٹھ کانسی کے تمغے جیت کر ملک کا نام روشن کیا ہے ،کھیلوں کے شعبے میں مزید اقدامات پر مشاورت کے لیے جلد سپورٹس کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا۔

وزیراعظم نے ایشین گیمز میں میڈل حاصل کرنے والے پاکستانی کھلاڑیوں کو مبارکباد دی اور کہا کہ ایشین گیمز میں کھلاڑیوں نے شبانہ روز محنت اور اپنے والدین کی دعاؤں سے چاندی کے دو اور کانسی کے آٹھ میڈل جیت کر ملک کا نام روشن کیا ہے لیکن ابھی آگے بڑھنے کی بہت گنجائش ہے ،پاکستان کو اﷲتعالیٰ نے ماضی میں ہر میدان میں کامیابیاں عطا کیں، ہاکی کے میدان میں ایک زمانے میں پاکستان کا طوطی بولتا تھا، حسن سردار، شہناز شیخ ،شہباز سینئر ،شہباز جونیئر، اختر رسول اور دوسرے کھلاڑیوں نے پاکستان کا نام دنیا میں روشن کیا، اسی طرح کرکٹ کے میدان میں بھی پاکستان نے جھنڈے گاڑے ، سکواش میں جہانگیر خان اور جان شیر خان نے پاکستان کا نام روشن کیا جو دنیا کی سپورٹس کی تاریخ کا سنہرا باب ہے ،اسی طرح فٹبال اور دوسری کھیلوں کے شعبوں میں بھی ہمارے کھلاڑیوں نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے ،ہماری خواتین کھلاڑی کرکٹ اور ہاکی کے میدان میں تیزی سے آگے بڑھ رہی ہیں۔علاوہ ازیں وزیر اعظم سے اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر راغب نعیمی کی ملاقات ہوئی جس میں اسلامی نظریاتی کونسل سے متعلق امور پر بات چیت کی گئی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...