خیبر پختونخوا : ترقیاتی کونسلز کیلئے 48 نمائندگان کی منظوری
وفاقی کابینہ نے منظوری دی، شوکت اللہ چیئرمین، ملک خان مرجان وائس چیئرمین ہونگے نوٹیفکیشن جاری، سابق ایم این اے شہاب الدین کی ترقیاتی کونسل کا رکن بننے سے معذرت
اسلام آباد (خصوصی نیوز رپورٹر،دنیا نیوز) وفاقی کابینہ نے خیبرپختونخوا کے 12 اضلاع میں علاقائی نمائندہ و ترقیاتی کونسلز کے قیام اور ان کے لیے 48 نمائندگان کی نامزدگی کی منظوری دیدی ،جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔کونسل ارکان کے انتخاب کا عمل جرگوں کی باہمی مشاورت سے مکمل کیا گیا۔ تمام 12 اضلاع میں مقامی آبادی کے پسندیدہ اور باوقار افراد کی نامزدگی کے لیے ڈپٹی کمشنرز کے تعاون سے جرگے منعقد کیے گئے ۔جرگوں کے ذریعے نامزد ارکان کے ناموں کی پروسیسنگ ایڈیشنل چیف سیکرٹری/ایڈمنسٹریٹر، علاقہ ترقیاتی سیکرٹریٹ نے کی۔ مشاورت کے بعد نامزد ارکان کی فہرست چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا کو ارسال کی گئی، جنہوں نے مزید کارروائی کے بعد اسے گورنر خیبرپختونخوا کو بھجوا دیا۔ گورنر خیبرپختونخوا نے نامزد ارکان کے نام وفاقی حکومت کو ارسال کیے ، جس کے بعد حتمی فہرست جاری کر دی گئی۔
علاقائی نمائندہ و ترقیاتی کونسل کے چیئرمین شوکت اللہ خان ہوں گے ، جن کا تعلق ضلع باجوڑ کے ترکانی قبیلے سے ہے ، جبکہ ضلع شمالی وزیرستان سے وزیر قبیلے کے ملک خان مرجان کو وائس چیئرمین مقرر کیا گیا ہے ۔ضلع باجوڑ کے چار نمائندگان میں شوکت اللہ خان، شہاب الدین خان، ملک سلطان زیب اور حاجی لالی شاہ شامل ہیں، جن کا تعلق ترکانی قبیلے سے ہے ۔ضلع مہمند کے تین نمائندگان میں خادی خیل خوزئی قبیلے کے ملک فیاض خان، بازئی قبیلے کے ملک نادر منان اور اتمان خیل قبیلے کے ملک صاحب خان امبر شامل ہیں۔ ضلع خیبر کے پانچ نمائندگان میں ملک عبدالرزاق، ملک عزت اللہ، ملک صلاح الدین، ملک ظاہر شاہ اور شیریں خان شامل ہیں، جن کا تعلق آفریدی قبیلے سے ہے ۔ضلع کرم کے پانچ نمائندگان میں بنگش قبیلے کے منیر حسین بنگش، علی شیرزئی قبیلے کے ملک عبدالولی خان، جبکہ طوری قبیلے کے ملک زمین حسین، سید ولی سید میاں اور احسان اللہ احسان شامل ہیں۔
ضلع اورکزئی کے تین نمائندگان میں علی خیل قبیلے کے لال مان شاہ، سید قبیلے کے سید فخر عباس اور مشتی قبیلے کے فیض اللہ شامل ہیں۔ضلع شمالی وزیرستان کے پانچ نمائندگان میں وزیر قبیلے کے ملک خان مرجان، ملک نصراللہ اور ملک حاجی شیر محمد، داوڑ قبیلے کے مفتی مصباح اللہ خان اور داوڑ/درپا خیل قبیلے کے ملک حبیب خان شامل ہیں۔ضلع جنوبی وزیرستان اپر کے چار نمائندگان میں قریشی محسود قبیلے کے صالح شاہ، برکی قبیلے کے ملک عرفان الدین احمد برکی، محسود قبیلے کے ملک محمد رومان محسود اور ملک رمتال خان شامل ہیں۔ضلع جنوبی وزیرستان لوئر کے چار نمائندگان میں وزیر قبیلے کے ملک علاؤالدین وزیر، ملک جمیل توجی خیل، ملک معین الدین وزیر اور سلیمان خیل قبیلے کے ملک سردار عباس شامل ہیں۔ضلع بنوں کے چار نمائندگان میں بنوچی قبیلے کے باز محمد خان اور مولانا عبدالغفار قریشی، جبکہ وزیر قبیلے کے ملک شیریں اور ملک احسان خان شامل ہیں۔
ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے چار نمائندگان میں قصوریہ قبیلے کے عبدالحلیم، گنڈاپور قبیلے کے سردار آغاز خان، شیرانی قبیلے کے سردار عباد خان اور میاں خیل قبیلے کے قیصر خان ایڈووکیٹ شامل ہیں۔ضلع ٹانک کے تین نمائندگان میں کاٹی خیل قبیلے کے نوابزادہ عبدالوہاب، محسود قبیلے کے عبداللہ ننگیال اور کنڈی قبیلے کے عرفان اللہ کنڈی شامل ہیں۔ضلع لکی مروت کے چار نمائندگان میں بٹانی قبیلے کے مولانا عمر اشرفی، جبکہ مروت قبیلے کے ملک ادریس خان، نجیب اللہ خان اور رحمت اللہ عرف متی شامل ہیں۔سابق رکن قومی اسمبلی شہاب الدین نے ترقیاتی کونسل کا رکن بننے سے معذرت کرلی۔ایک بیان میں سابق ایم این اے نے کہا کہ اگر میرا نام کسی نے کونسل کے لیے تجویز کیا ہے تو میں شکر گزار ہوں۔انہوں نے کہا کہ میں مجوزہ ترقیاتی کونسل کا ممبر نہیں بننا چاہتا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments