سرحدی جھڑپ : پاک فوج کی جوابی کارروائی، افغان طالبان کا بیس کیمپ تباہ، متعدد ہلاکتیں ، تفتان : پاک ایران سرحد پر امیگریشن گیٹ بند، تجارتی سرگرمیاں معطل
تائدہ سیکٹر، اپر کرم اورغوز گڑھی میں دہشتگر دوں کو سرحد پارکرانے کیلئے فائرنگ، جواب میں ٹاپسر پوسٹ بھی نشانہ،طالبان نے سرحدی پوسٹ خالی کر دی امیگریشن گیٹ کی بندش سے کروڑوں روپے مالیت کا تجارتی سامان پھنس جانے کا خدشہ، تاجروں میں تشویش کی لہر،بحالی سے متعلق موقف سامنے نہ آسکا
اسلام آباد ،دالبندین(خصوصی نیوز رپورٹر، نامہ نگار)تائدہ سیکٹر، اپر کرم اورغوزگڑھی میں افغان طالبان کی خارجی دہشت گردوں کو سرحدپار کرانے کے لئے بلااشتعال فائرنگ، پاک فوج نے بھرپور جواب دیا ، سکیورٹی ذرائع کے مطابق غوز گڑھی سرحد پر پاک فوج کی جوابی کارروائی میں افغان طالبان رجیم کے متعدد اہلکار ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں ، سکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ اپرکرم سیکٹرمیں پاک فوج نے آرٹلری فائرکے ذریعے افغان طالبان کی ٹاپسر پوسٹ اور شپولا بیس کیمپ کو نشانہ بنایا، پاک فوج کی جوابی کارروائی کے نتیجے میں شپولا بیس کیمپ مکمل طور پر تباہ ہونے کی اطلاع ہے، پاک فوج کی جوابی کارروائی میں طالبان اہلکار وں نے اپنی سرحدی پوسٹ بھی خالی کردی، علاقے میں فائرنگ کا تبادلہ تاحال جاری ہے۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک فوج سرحدوں کے دفاع اور ملکی سلامتی کے لیے ہر وقت چوکس اور پُرعزم ہیں۔دریں اثنا تفتان پاک ایران سرحد پر پاکستانی ایف آئی اے امیگریشن گیٹ عارضی طور پر بند کر دیا گیا، جس کے باعث سرحد پار تجارتی سرگرمیاں معطل ہو گئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق گیٹ کی بندش اسلام آباد سے اعلیٰ حکام کی ہدایت پر عمل میں لائی گئی ہے ، تاہم اس حوالے سے تاحال کوئی باضابطہ سرکاری اعلامیہ جاری نہیں کیا گیا ۔ گیٹ کی اچانک بندش سے تاجر برادری میں تشویش پائی جا رہی ہے ، جبکہ کروڑوں روپے مالیت کے تجارتی سامان کے پھنس جانے کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے ۔ تاجر برادری نے صورتحال کے باعث پیدا ہونے والی مشکلات پر تشویش کا اظہار کیا ہے، تاہم گیٹ دوبارہ کھولنے کے حوالے سے حکام کی جانب سے تاحال کوئی واضح مؤقف سامنے نہیں آیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments