ہنگامی صورتحال کیلئے 3دن کا راشن جمع رکھیں :برطانوی حکومت

ہنگامی صورتحال کیلئے 3دن کا راشن جمع رکھیں :برطانوی حکومت

سائبر حملوں، جنگلاتی آگ، دشمن سے خطرات پر’’بی ریڈی‘‘ہدایات جاری

لندن (رائٹرز )برطانوی حکومت نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ وہ ہنگامی صورتِ حال سے نمٹنے کیلئے گھروں میں کم از کم تین دن کا ضروری سامان(راشن)ذخیرہ رکھیں۔  اس میں بوتلوں میں بند پانی اور ایسی خوراک شامل ہے جو جلد خراب نہ ہو۔ حکومت نے یہ ہدایت اپنے نئے ’’بی ریڈی‘‘(ہنگامی حالات کیلئے تیار رہیں) پروگرام کے تحت جاری کی ہے ۔ برطانوی حکومت کا کہنا ہے کہ رواں ہفتے سافٹ ویئر میں پیدا ہونے والی خرابی، جس کے باعث بعض آن لائن خدمات متاثر ہوئیں اور ہیکنگ کی لاکھوں کوششیں ہوئیں، نے ہنگامی حالات کیلئے پیشگی تیاری کی اہمیت اجاگر کر دی ہے ۔ اس کے علاوہ برطانیہ میں رواں موسمِ گرما کے دوران شدید گرمی، خشک سالی اور جنگلاتی آگ کے ریکارڈ واقعات نے بھی خطرات سے نمٹنے کیلئے بہتر تیاری کی ضرورت واضح کی ہے ۔برطانوی وزیرِاعظم اینڈی برنہم نے جنگلاتی آگ سے نمٹنے کے اقدامات سے متعلق اجلاس میں کہا کہ ماضی میں برطانیہ ہنگامی حالات کا سامنا ہونے کے بعد ردعمل دیتا رہا ہے ، لیکن اب اسے پہلے سے زیادہ فعال حکمتِ عملی اپنانا ہوگی۔ حکومت نے جنگلاتی آگ سے نمٹنے کے نئے منصوبے کا بھی اعلان کیا ہے ، جس میں فوجی طیاروں کی تعیناتی شامل ہے ۔

وزیرِ دفاع ویس سٹریٹنگ نے خبردار کیا کہ مصنوعی ذہانت کی مدد سے روایتی حفاظتی نظاموں میں خامیاں تلاش کرنا آسان ہونے کے باعث سائبر حملوں کے واقعات میں اضافہ ہو سکتا ہے ۔ انہوں نے دشمن ریاستوں، منظم جرائم پیشہ گروہوں اور موسمیاتی تبدیلی سے پیدا ہونے والے خطرات کا بھی ذکر کیا۔ویس سٹریٹنگ کے مطابق برطانیہ کو اپنی زندگی کے بیشتر حصے ، بلکہ ممکنہ طور پر پوری زندگی کے دوران، اس وقت سے زیادہ خطرات کا سامنا ہے ۔برطانوی حکومت کی یہ ہدایت یورپی کمیشن کی سفارشات سے بھی مطابقت رکھتی ہے ، جس نے گزشتہ سال یورپی یونین کے شہریوں کو 72 گھنٹوں کیلئے ہنگامی سامان تیار رکھنے کا مشورہ دیا تھا۔ اس میں خوراک، پانی، نقد رقم اور موبائل فون چارج کرنے کیلئے پاور بینک شامل ہیں ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...