پٹرول مہنگا ہونے سے ووٹرز ناراض، مواخذے سے پریشان نہیں: ٹرمپ
ایران جنگ نے انتخابی نتائج پر اثر ڈالا، پارٹی عوامی حمایت کو امیدواروں تک منتقل کرنے میں ناکام رہی مواخذے کی کوشش بلاجواز اقدام ہوگا،وزیر دفاع کو عہدے سے ہٹانے پر غور نہیں کر رہا:امریکی صدر
واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک)امریکی صدر ٹرمپ نے اعتراف کیا ہے کہ ایران جنگ ریپبلکن پارٹی کی انتخابی شکست کی ایک بڑی وجہ بنی۔ ان کا کہنا ہے کہ ‘جنگ کے باعث مختصر مدت کے لیے پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، جس سے ووٹرز ناراض ہوئے ۔ وائٹ ہاؤس میں ڈیموکریٹس کی جانب سے کانگریس کا کنٹرول دوبارہ حاصل کرنے کے بعد پہلی مرتبہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے نائب صدر جے ڈی وینس کے اس بیان سے اتفاق کیا کہ ایران جنگ ریپبلکنز کی انتخابی شکست کی اہم وجوہات میں شامل تھی۔ٹرمپ نے کہا کہ یہ بات بڑی حد تک درست ہے کہ ایران جنگ نے انتخابی نتائج پر اثر ڈالا، تاہم ان کے بقول ووٹرز کو جنگ سے زیادہ پٹرول کی قیمتوں میں اضافے پر اعتراض تھا۔ انھوں نے مزید کہا کہ اگر انھیں دوبارہ یہی فیصلہ کرنے کا موقع ملتا تو وہ پھر بھی ایران کے خلاف جنگ کا فیصلہ کرتے ۔انتخابی مہم کے اختتام پر کسی پچھتاوے سے متعلق سوال پر ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ اگر وہ خود انتخابی امیدوار ہوتے تو ریپبلکنز کامیاب ہو جاتے ۔انھوں نے کہا کہ ریپبلکن پارٹی ان کی انتخابی ریلیوں میں ملنے والی محبت اور حمایت کو اپنے امیدواروں تک منتقل کرنے میں ناکام رہی۔ ان کے بقول ان کی ریلیوں میں عوام کی محبت غیر معمولی تھی۔دوسری جانب ڈیموکریٹس کے کانگریس کا کنٹرول سنبھالنے کے بعد مواخذے کے ممکنہ خطرے سے متعلق سوال پر ٹرمپ نے کہا کہ انھیں اس حوالے سے ذرا بھی تشویش نہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ‘ڈیموکریٹس کی جانب سے مواخذے کی کوشش ان کی اپنی جماعت کو تباہ کر دے گی اور یہ بلاجواز اقدام ہوگا۔
ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ ‘امریکہ اپنی تاریخ کے کسی بھی دور سے زیادہ کامیاب ہے ۔واضح رہے کہ امریکی ایوانِ نمائندگان اس سے قبل دو مرتبہ ڈونلڈ ٹرمپ کا مواخذہ کر چکا ہے ، تاہم دونوں مرتبہ سینیٹ نے انھیں الزامات سے بری کر دیا تھا۔ٹرمپ نے کہا ہے کہ وزیرِ دفاع پیٹ ہیگسیتھ کو عہدے سے ہٹانے پر غور نہیں کر رہا ،ہیگسیتھ نے اپنے فرائض بہت اچھے طریقے سے انجام دیے ہیں۔ٹرمپ کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب وسط مدتی انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کی ناکامی کے بعد امریکی میڈیا میں وزیرِ دفاع کے مستقبل کے بارے میں قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں۔اس سے قبل سی بی ایس نیوز نے متعدد ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کیا تھا کہ ٹرمپ نے اپنے قریبی مشیروں کے ساتھ نجی گفتگو اور فون کالز میں یہ سوال اٹھایا تھا کہ آیا پیٹ ہیگسیتھ کو وزیرِ دفاع کے عہدے پر برقرار رکھا جانا چاہیے یا نہیں۔رپورٹ کے مطابق وائٹ ہاؤس کے بعض معاونین انتخابی شکست کی ذمہ داری ایران جنگ سے متعلق فوجی حکمتِ عملی میں کردار ادا کرنے والے اعلیٰ فوجی حکام پر بھی عائد کر رہے تھے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments