سعودیہ یمن جنگ کو طول دینے کی تیاری کر رہا:مغربی حکام
یمن تنازع ایرانی جنگ کا سب سے فعال محاذ ،ہزاروں افراد ہلاک ہو چکے ہیں سعودی عرب مذاکرات سے قبل یمن میں کامیابیاں حاصل کرنا چاہتا ہے ایران جنگ خاتمے کا کوئی بھی معاہدہ یمن تنازع میں کمی کا باعث بن سکتا
ریاض(رائٹرز)مغربی حکام کے مطابق سعودی عرب یمن کے حوثی باغیوں کے خلاف جنگ کو 2027 تک طول دینے کی تیاری کر رہا ہے ۔ میدانِ جنگ میں آنے والی رکاوٹوں اور اندرونِ ملک معمولاتِ زندگی کو متاثر کرنے والے حملوں کے باوجود سعودی عرب اس مہم میں مزید شدت لا رہا ہے ۔ یہ تنازع وسیع تر ایرانی جنگ کا سب سے فعال محاذ بن چکا ہے ، جس کے نتیجے میں یمن میں ہزاروں افراد ہلاک اور زخمی جبکہ لاکھوں بے گھر ہو چکے ہیں۔ اس جنگ نے سعودی عرب کی ان کوششوں کو بھی پٹڑی سے اتار دیا ہے جو وہ غیر ملکی سرمایہ کاری حاصل کرنے اور بین الاقوامی تقریبات کی میزبانی کے لیے کر رہا تھا۔سعودی حکام کا مقصد حوثیوں کے ساتھ کسی بھی قسم کے مذاکرات سے پہلے یمن میں اپنے حامیوں کے ذریعے زمینی سطح پر کامیابیاں حاصل کرنا ہے ۔ مغربی حکام کا کہنا ہے کہ ایران جنگ کے خاتمے کا کوئی بھی معاہدہ یمن کے تنازع میں کمی کا باعث بن سکتا ہے ۔
تیسرے ذریعے نے یہ بھی بتایا کہ ریاض کا ماننا ہے کہ یمن میں سعودی کارروائیوں کے لیے امریکی عسکری حمایت، جسے صدر ٹرمپ کی انتظامیہ نے اب تک روکے رکھا ہے ، جنگ کا رخ بدلنے میں مدد دے سکتی ہے اور ممکنہ طور پر سعودی حمایت یافتہ فورسز کو ہفتوں کے اندر مطلوبہ کامیابیاں حاصل کرنے کے قابل بنا سکتی ہے ۔ سعودی وزارتِ خارجہ کے ایک اہلکار نے اس حوالے سے تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا ہے ۔لڑائی دوبارہ شروع ہونے کے بعد سے حوثیوں نے سعودی حمایت یافتہ فورسز سے بحیرہ احمر کا ساحل اور باب المندب کا سٹریٹجک آبنائے چھین لیا ہے ، اور جنوبی ساحل پر واقع حکومت کے عارضی دارالحکومت عدن کے اوپر بلند و بالا علاقوں میں تعز کے شہر کو گھیرے میں لے لیا ہے ۔سعودی عرب نے پہلے اس تنازع کو ایک یمنی مسئلہ کے طور پر پیش کرنے کی کوشش کی تھی، جس میں مملکت یمنی اتحادیوں کی حمایت اور سرحد پار حملوں سے اپنا دفاع کر رہی تھی لیکن وہ اس جنگ کا براہ راست فریق نہیں تھی۔ تاہم سعودی شہروں پر بار بار ہونے والے اعلیٰ سطح کے حملوں کی وجہ سے اس موقف کو برقرار رکھنا مشکل ہو گیا ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments