اداریہ
WhatsApp: 0344 4450229

ٹریفک جام اور سائیکل سکواڈ

کراچی ٹریفک پولیس نے شہر کے مصروف علاقوں میں ٹریفک جام کھلوانے کے لیے سائیکل سکواڈ متعارف کرایا ہے۔ مشاہدہ کیا گیا کہ ٹریفک جام کھلوانے کیلئے پولیس کی گاڑی یا ہیوی موٹر بائیک پر افسران کا پہنچنا مشکل ہوتا ہے؛ چنانچہ جس علاقے میں ٹریفک جام ہو گا وہاں سائیکل سکواڈ فوری طور پر ٹریفک بحال کرائے گا۔ یہ ایک مناسب اقدام ہے جس کے مثبت نتائج سامنے آنے کے امکانات ہیں‘ لیکن ٹریفک جام محض کراچی نہیں‘ لاہور‘ راولپنڈی‘ فیصل آباد سمیت تمام بڑے شہروں کا ایک مستقل مسئلہ بن چکا ہے اور وجہ ہے لوگوں میں ٹریفک سینس کا نہ ہونا۔ شہروں میں پبلک ٹرانسپورٹ کی سہولت جس تیزی سے سکڑ رہی ہے‘ شہریوں میں نجی ٹرانسپورٹ رکھنے کا رجحان اتنا ہی بڑھ رہا ہے۔

یوں سڑکوں پر گاڑیوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ یہ اضافہ اور عوام میں ٹریفک سینس کا نہ ہونا ہی ٹریفک جام کے بڑے اسباب ہیں؛ چنانچہ سائیکل سکواڈ کا قیام خوش آئند‘ لیکن شہروں میں بڑھتے ہوئے ٹریفک جام کے مسئلے کا مستقل حل پبلک ٹرانسپورٹ میں اضافہ ہی ہے تاکہ عوام میں ذاتی ٹرانسپورٹ رکھنے کا رجحان کم ہو۔ عوامی سطح پر سڑکوں کے استعمال کے بارے میں آگہی بڑھا کر بھی یہ مقصد پورا کیا جا سکتا ہے کہ سڑکوں کو درست استعمال ٹریفک جام کا باعث بننے والے عوامل کے خاتمہ کا سبب بنے گا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں
Advertisement